بالاسور ٹرین حادثہ کیس‘ تین ریلوے ملازمین کیخلاف چارج شیٹ داخل

   

نئی دہلی :سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) نے 2 جون کو اڈیشہ کے بالاسور میں تین ٹرینوں کے تصادم کے سلسلے میں ریلوے کے تین اہلکاروں کے خلاف چارج شیٹ داخل کی ہے۔ اس خوفناک حادثہ میں تقریباً 291 مسافروں کی موت ہوئی تھی۔ سی بی آئی نے بالاسور میں سینئر سیکشن انجینئر (سگنل) ارون کمار‘ سورو میں بطور سیکشنل انجینئر تعینات محمد عامر خان اور ٹیکنیشن پپو کمار، جو بالاسور میں تعینات تھے کو گرفتار کیا تھا۔ ایجنسی نے دفعہ 304 (حصہ II) کا اطلاق کیا ہے ۔ جن میں مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا جیسے ریلوے ایکٹ کی 153 (جان بوجھ کر یا بھول کر ریلوے میں سفر کرنے والے افراد کی حفاظت کو خطرے میں ڈالنا) وغیرہ۔اعلی سطحی ریلوئے انکوائری میں یہ بات سامنے آئی کہ غلط سگنلنگ حادثہ کی وجہ ہے ۔مرکزی تحقیقاتی ایجنسی نے حادثہ کے بعد تحقیقات اوڈیشہ پولیس سے حاصل کرلی تھی۔ فرانزک ماہرین کے ساتھ ایجنسی کے اہلکاروں نے شواہد اکٹھے کرنے کیلئے تحقیقات تصادم کی جگہ کا دورہ کیا تھا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کے بیانات ریکارڈ کیے اور سگنلنگ سسٹم کا بھی جائزہ لیا تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا اس واقعے میں کوئی خرابی، تکنیکی خرابی یا انسانی غلطی تو نہیں تھی۔