بالاپور اور رکاب گنج میں آتشزدگی کے واقعات

   

لاکھوں روپئے مالیتی اشیاء کا نقصان، کوئی جانی نقصان نہیں
حیدرآباد ۔ 19 اپریل (سیاست نیوز) بالاپور رائل کالونی میں اتوار کی دوپہر آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا جس میں ایک اسکراپ گودام اور دیگر دکانات جل کر خاکستر ہوگئے۔ چندرائن گٹہ کے اسٹیشن فائر آفیسر کے بکشاپتی نے بتایا کہ آج 12:30 بجے فائر کنٹرول روم کو ایک شکایت موصول ہوئی کہ بالاپور علاقہ میں ایک اسکراپ گودام میں آگ لگ گئی۔ اس اطلاع پر شہر سے وابستہ مختلف فائر اسٹیشنس کے چار فائر انجن جائے حادثہ پہنچ گئے اور بالاپور پولیس کی ایک ٹیم بھی وہاں تعینات کی گئی۔ عینی شاہدین کے مطابق بالاپور رائل کالونی جہاں پر روہنگیائی مقیم ہیں۔ اس علاقہ میں واقع ایک اسکراپ گودام میں اچانک آگ لگ گئی اور اس آگ نے پڑوس میں واقع دکانات کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ اس حادثہ کے بعد علاقہ میں خوف و ہراس کا ماحول پیدا ہوگیا اور پولیس نے جائے حادثہ کی حصاربندی کردی تھی۔ تقریباً 2 گھنٹے کی کوششوں کے بعد آگ پر قابو پایا گیا۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ اس حادثہ میں لاکھوں روپئے مالیتی اشیاء کا نقصان ہوا ہے جبکہ کوئی زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔ پولیس کو شبہ ہیکہ اسکراپ گودام میں شاٹ سرکٹ کے نتیجہ میں یہ حادثہ پیش آیا۔ بالاپور پولیس نے اس سلسلہ میں ایک مقدمہ درج کرلیا ہے۔ اسی قسم کا ایک اور واقعہ رکاب گنج چارمینار کے قریب آج شام پیش آیا جس میں تجارتی علاقہ میں آگ لگ گئی۔ پولیس نے بتایا کہ رکاب گنج جو پرانے شہر کا تجارتی علاقہ ہے، میں واقع ایک عمارت کی سلار میں آج شام آگ لگ گئی اور اس بات کی اطلاع ملنے پر ہائیکورٹ اور مغلپورہ فائراسٹیشن سے وابستہ فائرانجن جائے حادثہ پر پہنچ کر فوری آگ پر قابو پا لیا۔ ابتدائی تحقیقات میں پولیس کو معلوم ہوا ہیکہ سلار میں کارڈبورڈ کا کچرا رکھا گیا تھا جس کے نتیجہ میں یہ واقعہ پیش آیا۔بH/