لندن : برطانیہ میں فیک نیوز و افواہوں کے بعد ہوئے ہنگامہ کے دوران سوشل میڈیا پر مذہبی منافرت پھیلانے والے شدت پسند کو سزا سنادی گئی۔ اس نے ساؤتھ پورٹ واقعہ کے بعد مسجد جلانیکی پوسٹ کی تھی جس کے بعد مسلمانوں میں تشویش پیدا ہوگئی تھی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ساؤتھ پورٹ واقعہ کے بعد ایک شخص نے سوشل میڈیا پر مسجدوں کو نمازیوں سمیت جلانیکی پوسٹ کی تھی جسے اب عدالت نے 2 سال قیدکی سزا سنا دی ہے۔ برطانوی میڈیا کے مطابق 43 سالہ مجرم جیرائنٹ بوائس نے3 بچیوں کے قتل کے بعد کئی پوسٹس کیں اور مجرم نے سوشل میڈیا پر مذہبی منافرت والا تحریری مواد شیئر کیا تھا۔ برطانوی عدالت اس سے قبل بھی پرتشدد مظاہروں کے دوران مسجد سے متعلق نفرت انگیز سوشل میڈیا پوسٹ پر 53 سالہ خاتون جولی سیوینی کو 15 مہینے قید کی سزا سنا چکی ہے۔