برطانیہ میں بطور مسلم سیاستدان خود کومحفوظ نہیں سمجھتا: صادق خان

   

لندن: لندن کے پاکستانی نژادمیئر صادق خان نے انتہائی دائیں بازو کے فسادات اور مظاہروں کے باعث اپنی پریشانی کا اظہار کردیا۔ 10 روز سے جاری ان فسادات اور مظاہروں میں خاص طور پر تارکین وطن اور مسلمانوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ صادق خان نے اخبار ’’ گارڈین‘‘ سے گفتگو میں کہا میں دکھی ہوں کیونکہ ان کی بیٹیوں کی نسل خوف محسوس کر رہی ہے۔اخبار نے ان سے پوچھا کہ کیا وہ ایک مسلمان سیاستدان کے طور پر اپنے آپ کو محفوظ محسوس کرتے ہیں تو انہوں نے جواب دیا کہ یہ واضح ہے کہ میں محفوظ نہیں ہوں۔ اس وجہ سے میں 24 گھنٹے پولیس کی حفاظت کے ساتھ رہتا ہوں۔ میئر کے الفاظ کے مطابق 2016 میں میرے انتخاب کے بعد سے اب تک مجھے مختلف دھمکیوں کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔ انہوں نے گزشتہ برس اسی اخبار کو بتایا تھا کہ 15 پولیس افسران کی ایک ٹیم میری اور خاندان والوں کی حفاظت کرتی ہے۔ پولیس ان کی اہلیہ 53 سالہ سعدیہ احمد کی بھی حفاظت کرتی ہے جس سے انہوں نے 1994 میں شادی کی تھی۔ صادق خان کی دو بیٹیاں انیسہ اور عمارہ ہیں۔