لندن 5جون (یو این آئی) روس اور یوکرین کے درمیان بڑھتے ہوئے سیاسی تناؤ کے باعث برطانیہ نے یوکرین کو اپریل 2026 تک ایک لاکھ ڈرون دینے کا اعلان کیا ہے ۔میڈیا کی رپورٹ کے مطابق روس سے جنگ کے بیچ یوکرین کو ایک لاکھ ڈرون کی مدد کرکے برطانیہ نے اپنا رخ بھی واضح کر دیا ہے ۔رپورٹس کے مطابق برطانیہ کا کہنا ہے کہ ڈرونز نے جنگ کا رخ ہی بدل دیا ہے اور ان کے ذریعہ یوکرین کو بڑی مدد حاصل ہوسکتی ہے ، اس لیے ہم نے ڈرون کی سپلائی میں 10 گنا تک اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔صرف برطانیہ ہی نہیں بلکہ جرمنی کی جانب سے بھی اعلان کیا جاچکا ہے کہ وہ بڑی تعداد میں یوکرین کو لانگ رینج کی میزائلیں فراہم کرے گا۔برطانیہ کا شمار ان ممالک میں ہوتا ہے جنہوں نے یوکرین کی کھل کر مدد کی ہے ۔ اب تک کی توپ، بندوقوں اور گولی باری کی جنگ میں یوکرین کو شکست ملی ہے لیکن ڈرون وارفیئر کی مدد سے اس نے روس کو بڑا دھچکا لگا یا ہے ۔رپورٹس کے مطابق یوکرین کے ڈرون حملوں کے بعد سے یہ بحث ہونے لگی ہے کہ مستقبل کا وارفیئر ڈرون سے ہوگا۔ ایسے میں برطانیہ کی مدد نے صاف کر دیا ہے کہ وہ یوکرین کو کھل کر مدد دینا جاری رکھے گا۔