برقی اداروں میں سابق حکومت کے مقرر کردہ 11 ڈائرکٹرس برخواست

   

حکومت نے احکامات جاری کئے، کئی ڈائرکٹرس 10 برسوں سے فائز تھے، تقررات میں قواعد کی خلاف ورزی
حیدرآباد 29 جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے 2 پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں میں گزشتہ کئی برسوں سے خدمات انجام دینے والے 11 ڈائرکٹرس کی خدمات کو فوری اثر سے ختم کردیا ہے۔ پرنسپل سکریٹری اینرجی سید علی مرتضی رضوی نے اس سلسلہ میں جی او آر ٹی 5 جاری کیا ۔ سدرن پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی اور ناردن پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی میں علی الترتیب 7 اور 4 ڈائرکٹرس کو سابق حکومت نے مقرر کیا تھا اور ان کی خدمات میں مسلسل توسیع دی جارہی تھی ۔ 2013-14 میں بعض ڈائرکٹرس کے تقررات کئے گئے اور یہ سلسلہ 2021 تک جاری رہا۔ جی او میں کہا گیا ہے کہ محکمہ برقی میں ڈائرکٹرس کو ابتداء میں دو سالہ میعاد کیلئے تقرر کیا جاتا ہے اور زیادہ سے زیادہ مزید دو سال کی توسیع کی جاسکتی ہے۔ ڈائرکٹرس کی میعاد 4 سال سے زائد نہیں ہوسکتی۔ سابق حکومت نے ڈائرکٹرس کا تقرر کرکے انہیں قواعد کے برخلاف توسیع دی ۔ سدرن پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی میں جے سرینواس ریڈی کا 27 نومبر 2014 کو ڈائرکٹرس آپریشنس تقرر کیا گیا اور وہ 9 سال دو ماہ کی مدت سے برقرار ہیں۔ ٹی سرینواس کو 2 اگست 2013 میں ڈائرکٹر پراجکٹس مقرر کیا گیا اور وہ 10 سال 5 ماہ سے عہدہ پر برقرار ہیں۔ کے راملو ڈائرکٹر کمرشل ، اسسمنٹ اینڈ آڈٹ کا یکم ستمبر 2018 کو تقرر کیا گیا اور وہ 5 سال 4 ماہ سے برقرار ہیں۔ جی پروتم کا 5 ستمبر 2018 کو ڈائرکٹر ایچ آر کے عہدہ پر تقرر کیا گیا اور وہ 5 سال 4 ماہ سے برقرار ہیں۔ سی ایچ مدن موہن راؤ کو ڈائرکٹر پی اینڈ ایم ایم کے طور پر یکم ستمبر 2018 کو تقرر کیا گیا۔ وہ پانچ سال چار ماہ سے برقرار ہیں۔ ایس سوامی ریڈی کو 5 ستمبر 2018 کو ڈائرکٹر آئی پی سی اینڈ آر اے سی مقرر کیا گیا جو 5 سال 4 ماہ سے برقرار ہیں۔ جی گوپال کو ڈائرکٹر ای آڈٹ اینڈ اسسمنٹ 23 جولائی 2021 کو تقرر کیا گیا اور وہ 2 سال 5 ماہ سے برقرار ہیں۔ ناردن پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی میں بی وینکٹیشور راؤ کا ڈائرکٹر ایچ آر 31 جولائی 2014 کو تقرر کیا گیا اور وہ 10 سال 5 ماہ سے برقرار ہیں۔ پی موہن ریڈی کا ڈائرکٹر پراجکٹس 5 ستمبر 2018 کو تقرر کیا گیا اور وہ 5 سال 4 ماہ سے برقرار ہیں۔ شریمتی پی سندھیا رانی کو ڈائرکٹر کمرشیل کے طورپر 5 ستمبر 2018 کو تقرر کیا گیا۔ پی گنپتی ڈائرکٹر آئی پی سی اینڈ آر اے سی کا 5 ستمبر 2018 کو تقرر کیا گیا ۔ دونوں ڈائرکٹرس 5 سال 4 ماہ سے عہدہ پر برقرار ہیں۔ حکومت نے دونوں اداروں سے تفصیلات حاصل کرتے ہوئے تمام ڈائرکٹرس کی خدمات کو فوری اثر سے ختم کرنے کا فیصلہ کیا ۔ ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کے صدرنشین و مینجنگ ڈائرکٹرس نئے ڈائرکٹرس کے تقررات تک متبادل انتظامات کریں گے۔ حکومت نے قواعد کے مطابق بورڈ میں ڈائرکٹرس کے تقررات کیلئے ضروری اقدامات کی ہدایت دی ہے۔ 1