حکومت نے 200 یونٹ تک مفت برقی سربراہ کرنے کا وعدہ کیا ہے ، صارفین اس سے استفادہ کریں
حیدرآباد ۔ 27 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز) : بی آر ایس کی رکن قانون ساز کونسل کے کویتا نے عوام سے اپیل کی کہ 200 یونٹ سے کم برقی استعمال کرنے والے گھریلو صارفین برقی بلز ادا نہ کریں ۔ کانگریس نے انتخابی مہم کے دوران ہی عوام سے اس طرح کی اپیل کی ۔ گھریلو برقی صارفین اس سہولت سے بھر پور استفادہ کریں ۔ نظام آباد کے رورل منڈل نرسنگ پلی گاوں میں منعقدہ کرسمس تقریب میں کویتا نے شرکت کی ۔ اس موقع پر میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کویتا نے کہا کہ انتخابی مہم کے دوران بحیثیت صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی ریونت ریڈی کے علاوہ کانگریس کے دوسرے قائدین نے عوام پر زور دیا کہ ریاست میں کانگریس کی حکومت تشکیل پائے گی اور کانگریس پارٹی 200 یونٹ تک مفت برقی سربراہ کرے گی ۔ انہوں نے بلز ادا نہ کرنے کی گھریلو برقی صارفین سے اپیل کی تھی اور اندرون 200 یونٹ تک برقی بلز معاف کرنے کا اعلان کیا تھا ۔ ریاست میں کانگریس کی حکومت قائم ہوگئی ہے لہذا 200 یونٹ تک برقی استعمال کرنے والے گھریلو برقی صارفین ہرگز برقی بلز ادا نہ کریں کیوں کہ حکومت برقی بلز معاف کرنے والی ہے ۔ حکومت نے عوام کو جو سہولت فراہم کی ہے ۔ عوام اس سے بھر پور استفادہ کریں ۔ کویتا نے کہا کہ ریاست میں فی الحال 44 لاکھ افراد کو اسرا پنشن حاصل ہورہا ہے ۔ انہیں درخواستیں داخل کرنے سے استثنیٰ دیتے ہوئے 2 ہزار روپئے پنشن کو فوری 4 ہزار روپئے پنشن جاری کرنے کے بجائے نئے درخواستوں کی وصولی پر تعجب کا اظہار کیا ۔ تلنگانہ کے دیہاتوں میں عوام کو دوبارہ قطاروں میں کیوں کھڑا کیا جارہا ہے ؟ حکومت سے سوال کیا ۔ دوبارہ درخواستوں کی طلبی سے عوام کو مشکلات سے دوچار ہونا پڑے گا ۔ کویتا نے موجودہ راشن کارڈ ہولڈرس کو ہی فلاحی اسکیمات سے فائدہ پہونچانے کا اعلان کرنے کو مضحکہ خیز قرار دیا ہے ۔ کانگریس پارٹی نے چار ہزار روپئے بیروزگاری بھتہ دینے کا وعدہ کیا تھا مگر اس کے لیے درخواستیں کیوں طلب نہیں کی جارہی ہیں ۔ ۔2
کویتا نے کہا کہ ووٹوں کے تناسب میں کانگریس اور بی آر ایس کے درمیان صرف 2 فیصد کا فرق ہے ۔ لوک سبھا انتخابات میں بی آر ایس پارٹی بیشتر حلقوں پر کامیابی حاصل کرے گی ۔۔ 2