برقی میٹرس میں خرابی کی شکایات میں کمی: مشرف فاروقی

   

حیدرآباد۔/29جنوری، ( سیاست نیوز) صدرنشین و منیجنگ ڈائرکٹر سدرن پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی مشرف فاروقی ( آئی اے ایس ) نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ کارکردگی میں بہتری پیدا کریں اور برقی میٹرس میں تکنیکی خرابی کے واقعات پر قابو پائیں۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ سال کے مقابلہ برقی میٹرس میں خرابی کے واقعات میں کمی آئی ہے۔ برقی لائنوں کی مناسب نگہداشت اور برقی صارفین کی بہتر خدمات کے نتیجہ میں سربراہی کا موقف بہتر ہوا ہے۔ مشرف فاروقی نے کہا کہ سدرن پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی کے تحت تلنگانہ کے 15 اضلاع میں 9346952 سرویس ہیں جن کا بل حاصل کیا جاتا ہے۔ 2023 میں 2.04 فیصد برقی میٹرس کو کنکشن کی خرابی، اوور لوڈ اور دیگر وجوہات کے سبب نقصان پہنچا تھا جبکہ گذشتہ سال 2024 میں کمپنی کی بہتر خدمات کے نتیجہ میں محض 1.21 فیصد برقی میٹرس میں خرابی پیدا ہوئی اور ایک سال میں 40.3 فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جاریہ مالیاتی سال برقی میٹرس میں خرابی کی شکایات کو مکمل طور پر ختم کردیا جائے گا اور اس سلسلہ میں عہدیداروں کو چوکس رہنا چاہیئے۔ مشرف فاروقی نے صارفین سے اپیل کی کہ وہ گھریلو اور صنعتی کنکشن کی صورت میں انٹرنل وائرنگ اور دیگر امور کے سلسلہ میں تمام ضروری احتیاطی اقدامات کریں تاکہ برقی سربراہی میں کوئی خلل نہ ہو۔1