جموں و کشمیر کے ڈوڈہ میں دردناک حادثہ۔ چھ زخمیوں کی حالت نازک
جموں: ملک کی پہاڑی ریاست جموں و کشمیر میں ایک دردناک حادثہ پیش آیا ہے۔جموں و کشمیر کے ڈوڈا ضلع کے اسار علاقے میں چہارشنبہ کو مسافروں سے بھری ایک بس 300 فٹ گہری کھائی میں گرگئی۔اس حادثے میں 38 لوگوں کی موت ہو گئی۔ 19 افراد زخمی ہیں۔ ان میں سے چھ کی حالت تشویشناک ہے۔ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب کشتواڑ سے جموں جانے والی بس اسار علاقے میں ترنگل کے قریب سڑک سے بے قابو ہوکر کھڑی ڈھلوان سے نیچے جاگری۔بتایا جا رہا ہے کہ بس کشتواڑ سے جموں جا رہی تھی۔ اس دوران بس سڑک سے پھسل کر کھائی میں جاگری۔ بس میں 55مسافر سوار تھے۔ واقعے کے بعدبچاؤ ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔زخمیوں کو کشتواڑ ڈسٹرکٹ ہاسپٹل اور گورنمنٹ میڈیکل کالج ڈوڈہ میں داخل کرایا گیا ہے۔ شدید زخمیوں کو ہوائی جہاز سے جموں لے جایا گیا ہے۔پولیس اوربچاؤ ٹیموں سمیت مقامی عہدیدار امدادی کارروائیاں شروع کرنے اور سانحہ کا جائزہ لینے کے لیے موقع پر پہنچ گئے ہیں۔نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ، نائب صدر عمر عبداللہ، صدر پی ڈی پی محبوبہ مفتی اور کئی دیگر قائدین نے اس دلخراش سڑک حادثہ میں تین درجن سے زائد افراد کے لقمہ اجل بن جانے پر زبردست رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ مرکزی وزیر جتیندر سنگھ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر واقعہ کی تصدیق کی اور کہا کہ راحت اور بچاؤ اقدامات کئے جارہے ہیں۔ زخمیوں کو ضرورت کے مطابق ضلع ہسپتال کشتواڑ اور جی ایم سی ڈوڈا منتقل کیا جا رہا ہے۔میں مسلسل رابطہ میں ہوں۔ڈوڈہ میں ایک ہفتے میں یہ دوسرا بڑا بس حادثہ ہے۔