بلقیس بانو سے انصاف ، سوشیلسٹ مہیلا سبھا تلنگانہ کا اجلاس

   

حیدرآباد ۔ 9 ۔ فروری : ( سیاست نیوز) : وزیراعظم نریندر مودی خواتین کے حقوق اور ان کے تحفظ کے بارے میں بلند بانگ دعوے کرتے ہیں لیکن ان کے کھوکھلے دعوؤں سے خواتین کا کوئی بھلا نہیں ہوتا ۔ یہی وجہ ہے کہ خواتین کے تحفظ سے متعلق مودی جی کے دعوؤں کو اب بکواس قرار دیا جارہا ہے ۔ خاص طور پر بلقیس بانو کے زانیوں اور ان کے ارکان خاندان کے قاتلوں کی سزا معاف کردئیے جانے کے بعد تو حقوق نسواں کے حامی وزیراعظم نریندر مودی ان کی حکومت اور گجرات کی ریاستی حکومت پر دستور اور انصاف سے کھلواڑ کے الزامات عائد کرنے لگے ہیں ۔ ان کا مطالبہ ہے کہ بلقیس بانو کے ساتھ انصاف کیا جائے ۔ اس کے ارکان خاندان کے قاتلوں اور اس کے زانیوں کو جو معافی دی گئی اسے واپس لیا جائے چنانچہ ہفتہ 11 فروری کو صبح 11 بجے تا دوپہر ایک بجے لامکان روڈ نمبر 1 بنجارہ ہلز میں ’ بلفیق بانو کے لیے انصاف اور خواتین کی ترقی اور ان کے حقوق کے تحفظ ‘ کے زیر عنوان ایک اجلاس منعقد کیا گیا ہے ۔ سماجی و حقوق انسانی کے جہدکار اور میگاسیسے ایوارڈ یافتہ ڈاکٹر سندیپ پانڈے رکن NAPM مہمان خصوصی ہوں گے ۔ جنرل سکریٹری سوشیلٹ پارٹی ( انڈیا ) ، نور الامین نیشنل جنرل سکریٹری ایس پی آئی ، آر سبھدرا ریڈی صدر ایس پی آئی تلنگانہ جیسی شخصیتیں شرکت اور خطاب بھی کریں گی ۔ ۔