بلڈوزر مہم کا مقصد کشمیر کے عوام کو محتاج بنانا :فاروق

   

سرینگر: جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے آج شہر سرینگر سے وابستہ پارٹی عہدیداران کے ایک اجلاس میں ضلع میں جاری پارٹی سرگرمیوں اور پارٹی پروگراموں کا جائزہ لینے کے علاوہ لوگوں کو درپیش مسائل و مشکلات سے آگاہی حاصل کی۔اجلاس کے شرکاء نے اپنے اپنے علاقے کے لوگوں کے مسائل و مشکلات، غیر یقینی صورتحال اورحدبندی کمیشن کی رپورٹ سے متعلق لوگوں میں پائے جارہے غم و غصے اور تحفظات بھی بیان کئے ۔شرکائنے کہا کہ حکومت کی طرف سے جاری عوام کُش اقدامات سے جہاں پہلے ہی مایوسی کا شکار تھے وہیں بلڈوزر مہم نے لوگوں کو خوف و ہراس اور دہشت میں مبتلا کردیا ہے ۔ اس کے علاوہ شرکا ء نے حد سے زیادہ بے روزگاری اور نوجوانوں میں پائی جارہی نااُمیدی کے بارے میں بھی اجلاس کو جانکاری دی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے پارٹی سے وابستہ لیڈران پر زور دیا کہ وہ عوام کیساتھ قریبی رابطہ رکھیں اور خود کو عوام کیلئے ہر حال میں وقف رکھیں۔انہوں نے کہا کہ عوام کی آواز مقدم ہوتی ہے ،عوامی حمایت ، تعاون اور اشتراک سے ہی ہم بڑے بڑے چیلنجوں کا سامنا کرسکتے ہیں ۔