بنڈی بھگیرت کی ضمانت قبل از گرفتاری پر آج ہائیکورٹ میں سماعت

   

تحقیقاتی ٹیم کے روبرو پیش نہیں ہوئے ، گرفتاری کیلئے پولیس کی خصوصی ٹیمیں

حیدرآباد ۔13۔ مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ میں کل 14 مئی کو مرکزی مملکتی وزیر داخلہ بنڈی سنجے کمار کے فرزند بنڈی سائی بھگیرت کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست پر سماعت ہوگی۔ ہائی کورٹ کو گرمائی تعطیلات کے سبب بھگیرت نے ووکیشن بنچ پر ضمانت کی درخواست دائر کی ہے۔ بنچ نے جمعرات کو سماعت کا فیصلہ کیا ہے۔ ووکیشن بنچ کے فیصلہ پر ہر کسی کی نظر ہے کیونکہ بنڈی سائی بھگیرت کی گرفتاری کیلئے پولیس نے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی ہیں، ایسے میں عدالت کا فیصلہ اہمیت کا حامل رہے گا۔ بتایا جاتا ہے کہ ضمانت کے حصول کیلئے وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے رکن راجیہ سبھا اور ہائی کورٹ کے نامور وکیل نرنجن ریڈی کی خدمات حاصل کی گئی ہے۔ ہائی کورٹ میں ضمانت کی درخواست کے زیر التواء ہونے کے باعث بھگیرت آج تحقیقاتی ٹیم کے روبرو پیش نہیں ہوئے اور پیشی کیلئے دو دن کی مہلت طلب کی ہیں۔ واضح رہے کہ پیٹ بشیرآباد پولیس اسٹیشن میں بھگیرت کے خلاف 17 سالہ لڑکی نے جنسی ہراسانی اور دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا ہے ۔ 8 مئی کو شکایت ملنے پر پولیس نے پوکسو ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا اور چیف منسٹر ریونت ریڈی کی ہدایت کے بعد خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی گئی۔ ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست پر ہائی کورٹ کے فیصلہ سے بنڈی سنجے کے سیاسی مستقبل پر بھی اثر پڑنے کا امکان ہے کیونکہ مختلف گوشوں سے ان پر استعفیٰ کیلئے دباؤ بڑھ رہا ہے۔1/k