بنڈی سنجے کے فرزند بھگیرت کی گرفتاری کو کوئی بھی روک نہیں پائے گا

   

جانچ میں کوئی تاخیر نہیں، وزارت سے زیادہ صدارت پر مطمئن ہوں، مہیش کمار گوڑ کی میڈیا سے بات چیت

حیدرآباد ۔13۔ مئی (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ مرکزی وزیر بنڈی سنجے کے فرزند بنڈی بھگیرت کی گرفتاری کو کوئی بھی روک نہیں سکے گا۔ میڈیا سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ پوکسو مقدمہ میں بنڈی بھگیرت کی گرفتاری یقینی ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ تحقیقات کے سلسلہ میں پولیس کی جانب سے کوئی تاخیر نہیں کی گئی ہے اور قانون اپنا کام کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تحقیقات اور مقدمہ کی نوعیت سے بھگیرت کی گرفتاری یقینی ہے۔ کوئی بھی طاقت گرفتاری کو روک نہیں پائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت کو بنڈی بھگیرت کو بچانے میں کوئی دلچسپی نہیں ہے ۔ پولیس کے مطابق بھگیرت مفرور ہیں اور گرفتاری کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ اگر بنڈی بھگیرت ملک کے باہر چلے جائیں تب بھی انہیں ملک واپس طلب کرنا کوئی مشکل کام نہیں ہے ۔ ملک میں بائیں بازو جماعتوں کی طاقت میں کمی کے دعویٰ کو مسترد کرتے ہوئے مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ بائیں بازو جماعتوں کا اثر برقرار ہے۔ ملک میں تبدیل شدہ سیاسی صورتحال میں بائیں بازو جماعتوں کے اثر کا نتائج کی بنیاد پر اندازہ نہیں کیا جاسکتا۔ کئی ریاستوں میں بائیں بازو جماعتوں کا موقف مستحکم ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے کے سی آر کو قائد اپوزیشن کا رول ادا کرنے کی ذمہ داری دی لیکن وہ فارم ہاؤز تک محدود ہوچکے ہیں۔ بی آر ایس دور حکومت میں دلت طبقہ سے تعلق رکھنے والے بھٹی وکرمارکا کو قائد اپوزیشن کے عہدہ سے محروم کردیا گیا تھا۔ کانگریس کے ارکان اسمبلی کو انحراف کی ترغیب دیتے ہوئے بھٹی وکرمارکا کو قائد اپوزیشن کے عہدہ سے محروم کردیا گیا۔ انہوں نے ریاست کی ترقی کیلئے مرکزی حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے سے متعلق چیف منسٹر کے بیان کی تائید کی اور کہا کہ وفاقی نظام میں مرکز اور ریاستوں کو اشتراک کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔ ملک کی ترقی کیلئے ریاستوں کی ترقی ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایس آئی آر کے ذریعہ مرکزی حکومت مغربی بنگال کی طرح تلنگانہ میں بھی سیکولر ووٹوں کو فہرست سے حذف کرنے کی سازش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے دورہ حیدرآباد کے موقع پر بی جے پی قائدین نے تلنگانہ کیلئے فنڈس کی اجرائی کا مطالبہ نہیں کیا اور نہ ہی وزیراعظم سے نمائندگی کی۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ سوشیل میڈیا کے ذریعہ حکومت کو نشانہ بنارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر تلنگانہ میں تلگو دیشم ، بی جے پی اور جنا سینا متحدہ طور پر مقابلہ کرتے ہیں تب بھی کانگریس کو کوئی نقصان نہیں ہوگا۔ آئندہ انتخابات میں کانگریس کی دوبارہ کامیابی یقینی ہے۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ وہ وزارت کے عہدہ سے زیادہ پردیش کانگریس کے صدر کے عہدہ پر مطمئن ہیں۔1/k