ملک کے 75 اضلاع میں 75 ڈیجیٹل یونٹس قوم کے نام وقف‘ مودی کا خطاب
نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کو ملک کے 75 اضلاع میں 75 ڈیجیٹل بنکنگ یونٹس کو قوم کے نام وقف کرتے ہوئے کہا کہ ہماری حکومت کی ترجیح بنکنگ خدمات کو دوردرازگھر گھر پہنچانا ہے۔آج 75 ڈیجیٹل بنکنگ یونٹس کے آغاز کے موقع پر تمام عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے کہا کہ آج ملک ایک بار پھر ڈیجیٹل انڈیا کی استطاعت کا گواہ بن رہا ہے۔ یہ ملک کے 75 اضلاع میں زمین پر اتر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک کے 99 فیصد سے زیادہ دیہات میں 5 کلومیٹر کے اندر کوئی نہ کوئی بینک کی برانچ، بنکنگ آؤٹ لیٹ یا بنکنگ فرینڈ موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ہر ایک لاکھ بالغ آبادی کے لیے بینک کی جتنی شاخیں موجود ہیں، وہ جرمنی، چین اور جنوبی افریقہ جیسے ممالک سے بھی زیادہ ہیں۔ ہم عام انسانوں کا معیار زندگی بدلنے کے عزم کے ساتھ دن رات محنت کر رہے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ ہمارا عزم ہے کہ نظام کو بہتر کریں، شفافیت اور آخری صف میں کھڑے شخص تک پہنچیں۔ انہوں نے کہا کہ جب ہم نے جن دھن کھاتہ کی مہم شروع کی تو آوازیں اٹھیں کہ غریب بینک کھاتہ کا کیا کریں گے، یہاں تک کہ اس شعبہ کے بہت سے ماہرین بھی نہیں سمجھ پارہے تھے کہ اس مہم کی اہمیت کیا ہے۔ لیکن بینک اکاؤنٹ کی طاقت کیا ہوتی ہے، یہ آج پورا ملک دیکھ رہا ہے۔