سیاسی قائدین میں کھلبلی ۔ چیف منسٹر کی دہلی سے خالی ہاتھ واپسی کے بعد اندیشوں میں اضافہ ہوگیا
حیدرآباد 31جولائی (سیاست نیوز) مہاراشٹرا‘ مغربی بنگال ‘ جھارکھنڈ و دیگر ریاستوں میں انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کی کاروائیوں کے بعد تلنگانہ کے سیاسی قائدین میں ہلچل پیدا ہوچکی ہے اور اہم جماعتوں کے قائدین اپنے اثاثہ جات کو محفوظ کرنے اور انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ سے بچنے کوشش میں مصروف ہوچکے ہیں۔ تلنگانہ میں ای ڈی کی کاروائیوں کے کئی ماہ سے خدشات تھے لیکن اب جو کاروائی شروع ہوئی تو اطلاعات ہیں کہ آئندہ دنوں میں شہر میں بھی بڑی کاروائیوں کا آغاز کیا جائیگا۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی دہلی میں مصروفیات اور بغیر کسی اہم پیشرفت حیدرآباد واپسی کے بعد ٹی آر ایس قائدین میں کھلبلی پیدا ہونے لگی ہے جبکہ کانگریس قائدین بالخصوص صدرپردیش کانگریس ریونت ریڈی و رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی ریڈی وینکٹ ریڈی ای ڈی اور سی بی آئی سے کی گئی شکایات اور مواد کو اکٹھا کرنے میں مصروف ہیں ۔ ذرائع کے مطابق کانگریس قائدین کی شکایات کی بنیاد پر ای ڈی کی کاروائیوں کاآغاز ہوسکتا ہے لیکن ان شکایات کو بنیاد بنانے کے بجائے ای ڈی انٹرنیشنل کسینو اور جوا ریاکٹ میں شامل سیاستدانوں کے ذریعہ ان شکایات پر بھی کاروائی کی منصوبہ بندی کر رہی ہے تاکہ بدعنوان قائدین کے خلاف کاروائی کا کریڈٹ اپوزیش کو حاصل نہ ہوسکے لیکن اپوزیشن کی کاروائی کے آغاز کے ساتھ ہی وہ تمام دستاویزات کو ایک مرتبہ پھر سے منظر عام پر لانے کی تیاری کی جا رہی ہے جو ای ڈی اور سی بی آئی کے حوالہ کی گئی ہیں۔ بتایاجاتا گیا کہ ای ڈی کی کئی ٹیمیں شہر میں سرگرم ہیں جو مواد جمع کرنے میں مصروف ہیں۔ ذرائع کے مطابق برسراقتدار پارٹی قائدین کے علاوہ وہ رئیل اسٹیٹ تاجرین جو سیاستدانوں جنکے تعلقات ہیں اور بڑی معاملتوں میں ملوث ہیں ان پر ای ڈی کی خصوصی نظریں ہیں ۔ ذرائع کے مطابق ای ڈی نے جن افراد کو نوٹس جاری کی ان سے رابطہ رکھنے اور ان کیلئے کام کرنے والوں کا ریکارڈ جمع کیا جارہا ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ بین ریاستی تجارتی سرگرمیوں و برسراقتدار پارٹی کے قریبی رئیل اسٹیٹ تاجرین کے علاوہ بعض ایسے افراد بھی فہرست میںشامل ہیں جن کے اثاثہ جات معلنہ ذرائع آمدنی سے زیادہ ہیں۔ مہاراشٹر ا میں شیوسینا ایم پی سنجے راوت کی ای ڈی میں گرفتاری کے ساتھ ہی تلنگانہ کے سیاسی حلقوں میں خوف کی لہر پیدا ہوئی ہے ۔ مغربی بنگال میں وزیر کی گرفتاری کے بعد مہاراشٹرا میں ایم پی کی گرفتاری کو دوسری بڑی کارروائی قرار دیا جانے لگا اور کہا جارہا ہے کہ شہر میں ای ڈی کی سرگرمیواںسیاسی قائدین کو خوفزدہ کئے ہوئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ای ڈی تحقیقات کا دائرہ کار اراضیات میں سرمایہ کاری ‘ بین الاقوامی جوے کا ریاکٹ یا بدعنوانیوں تک محدود نہیں رہے گا بلکہ تلنگانہ میں منشیات کے کاروبار کے علاوہ بے نامی کمپنیوں میں سرمایہ کاری اورسرکاری اسکیمات میں خرد برد کی شکایات پر حکومت کی کاروائی نہ ہونے کے معاملات تک توسیع اختیار کرسکتا ہے علاوہ ازیں سرکاری اراضیات کے ہراج اور مخصوص رئیل اسٹیٹ تاجرین کو ان جائیدادوں کی فروخت کے معاملات تک بھی ای ڈی اپنے دائرہ کو وسعت دے سکتا ہے کیونکہ اس کی کئی شکایات ای ڈی کو ملی ہیں جن میں وزراء کے علاوہ سرکردہ عہدیداروں کے خلاف الزامات ہیں۔م