بنگلورو کے مختلف پٹرول پمپوں پر کانگریس کا احتجاج

   

بنگلورو، 9 نومبر (آئی اے این ایس) پٹرول میں مقررہ حد سے زیادہ ایتھنول کی مبینہ آمیزش کے خلاف کانگریس کارکنوں نے پیر کے روز بنگلورو کے مختلف پٹرول پمپوں پر احتجاج کیا اور مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ صارفین کو بغیر ایتھنول کی آمیزش والا خالص پٹرول فراہم کرنے کو یقینی بنایا جائے۔کانگریس کارکنوں نے شہر کے کئی پٹرول پمپوں کا دورہ کیا، ہاتھوں میں پوسٹر اٹھائے اور بی جے پی کی قیادت والی مرکزی حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔ ان کا الزام تھا کہ مقررہ حد سے زیادہ ایتھنول کی آمیزش کے ذریعے گاڑی چلانے والوں اور صارفین کے ساتھ دھوکہ کیا جارہا ہے۔احتجاج کے دوران کانگریس رہنما منوہر نے کہا کہ راہول گاندھی پہلے ہی یہ معاملہ اٹھا چکے ہیں اور مرکزی حکومت سے کارروائی کا مطالبہ کرچکے ہیں۔ تاہم، مرکز کا موقف ہے کہ پٹرول میں ایتھنول کی آمیزش 20 فیصد تک محدود ہے۔منوہر نے الزام عائد کیا، ’’ہماری ریاستی حکومت نے پٹرول کے نمونوں کی معتبر تجربہ گاہوں میں جانچ کروائی ہے اور اس کے نتائج سے انکشاف ہوا ہے کہ ایتھنول کی آمیزش 32 فیصد تک ہے۔ کانگریس نے مطالبہ کیا ہے کہ ایندھن میں ایتھنول کی آمیزش فوری طور پر بند کی جائے اور صارفین و گاڑی چلانے والوں کو معمول کا، بغیر آمیزش والا پٹرول دستیاب کرایا جائے۔ بی جے پی حکومت خود ملاوٹ پر مبنی طریقوں میں ملوث ہے اور ایتھنول کی زیادہ مقدار میں آمیزش کی اجازت دے کر صارفین کے ساتھ دھوکہ کررہی ہے۔دوسری جانب بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ یدوویر کرشن دتّا چامراجہ ووڈیئر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کانگریس پر الزام لگایا کہ وہ بڑھتی ہوئی قیمتوں کے مسئلے سے عوام کی توجہ ہٹانے کے لیے بار بار ایتھنول کی آمیزش کا معاملہ اٹھارہی ہے۔انہوں نے کہا، ’’ایتھنول کی آمیزش کا معاملہ پہلے ہی زیر بحث آچکا ہے۔ ان الزامات میں کوئی صداقت نہیں ہے اور مرکزی حکومت اس بارے میں وضاحت پیش کرچکی ہے۔ یہ دعویٰ بھی غلط ہے کہ ایتھنول کی آمیزش سے گاڑیوں کے انجن درست طریقے سے کام نہیں کریں گے۔ اس معاملے پر مزید بحث کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔واضح رہے کہ کیرالا میں تو حکومت نے پٹرول پمپ کا معائنہ بھی شروع کیا ہے ۔