ڈھاکہ : بنگلہ دیش کے مرکزی بینک کے گورنر عبد الرؤف نے گزشتہ روز استعفیٰ دے دیا۔ بلوم برگ کی رپورٹس کے مطابق بنگلہ دیش کی سابقہ وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد کی حکومت گرنے کے بعد مرکزی بینک انتہائی عدم استحکام کا شکار ہوگیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عبد الرؤف نے استعفیٰ ذاتی وجوہات کی بنیاد پر دیا ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل مرکزی بینک کے 4 ڈپٹی گورنرز اور مالیاتی انٹیلی جنس یونٹ کے سربراہ سے جبری استعفیٰ لے لیا گیا تھا۔ خیال رہے کہ بنگلہ دیش میں اب طلبا تحریک کے مظاہرین سپریم کورٹ کے چیف جسٹس سمیت تمام ججوں کے استعفے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ طلبا تحریک کی جانب سے یہ مطالبہ اس وقت کیا گیا جب سپریم کورٹ کے چیف جسٹس عبید الحسن نے نئی بننے والی عبوری حکومت سے مشاورت کے بغیر فل کورٹ کا اجلاس بلایا تھا۔ تاہم طلبا مظاہرین کی جانب سے ہائی کورٹ کے محاصرے بعد کشیدگی بڑھنے پر فل کورٹ میٹنگ کو اچانک ملتوی کردیا گیا اور طلبا کے مطالبہ پر سپریم کورٹ کے چیف جسٹس عبید الحسن نے عہدے سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ عبید الحسن مستعفی ہونے کا باضابطہ اعلان آج شام صدر شہاب الدین سے مشاورت کے بعد کریں گے۔
جاپان میں ایک بار پھر 6.8شدت کا زلزلہ
ٹوکیو : جاپان میں ایک اورزلزلہ آیا ہے دارالحکومت ٹوکیو 6.8 شدت کے زلزلے سے لرز اٹھا زلزلہ پیما مرکز نے بتایا کہ زلزلے کی گہرائی 490 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی، جبکہ سونامی وارننگ جاری نہیں کی گئی۔یاد رہے کہ 8 اگست کو بھی جنوبی جاپان میں 7.1 شدت کا زلزلہ آیا تھا۔جاپان کی سرکاری براڈکاسٹر این ایچ کے نے رپورٹ کیا تھا کہ کیوشو اور شیکوکو جزیروں کے کچھ ساحلی علاقوں میں ایک میٹر اونچا سونامی آنے کا خدشہ ہے۔
جاپان کی موسمیاتی ایجنسی نے ایکس پر کہا تھا کہ براہ کرم سمندر میں داخل نہ ہوں یا ساحل کے قریب نہ جائیں جب تک کہ وارننگ ختم نہ ہوجائے۔