کیپٹن پروین داور ، لیفٹننٹ جنرل ریٹائرڈ اے آر کے ریڈی، ریونت ریڈی ، اتم کمار ریڈی کی شرکت
حیدرآباد۔/23 نومبر، ( سیاست نیوز) کانگریس پارٹی کے زیر اہتمام 1971 کی ہند ۔ پاک جنگ کی یادگاری تقریب گاندھی بھون میں منعقد کی گئی جس میں بنگلہ دیش کی تشکیل کیلئے سابق وزیر اعظم آنجہانی اندرا گاندھی کو خراج پیش کیا گیا۔ بنگلہ دیش کی آزادی کیلئے ہندوستان نے یہ جنگ لڑی تھی جس میں محض 13 دن میں پاکستانی فوج نے ہندوستان کے آگے ہتھیار ڈال دیئے تھے۔ اے آئی سی سی میں بنگلہ دیش لبریشن یادگاری کمیٹی کے کنوینر کیپٹن پروین داور کے علاوہ لیفٹننٹ جنرل ریٹائرڈ اے آر کے ریڈی نے مہمانان خصوصی کے طور پر شرکت کی۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی، رکن پارلیمنٹ اتم کمار ریڈی، سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا اور اے آئی سی سی پروگرام عمل آوری کمیٹی کے صدرنشین اے مہیشور ریڈی نے شرکت کی۔ تقریب میں جنگ کے شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا گیا کہ اندرا گاندھی کی قیادت میں پاکستان کے مظالم سے بنگلہ دیشی عوام کو نجات دلائی گئی۔ اتم کمار ریڈی جن کا تعلق ہندوستانی فضائیہ سے رہ چکا ہے انہوں نے کہا کہ مظالم سے تنگ آکر ہندوستان کا رُخ کرنے والے پناہ گزینوں کی مدد کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ 93 ہزار پاکستانی فوجیوں کو ہندوستان نے قیدی بنایا جنہیں شملہ معاہدہ کے بعد رہا کیا گیا۔ بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ اندرا گاندھی کی مضبوط قیادت کے نتیجہ میں پاکستان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا اور جمہوری طور پر بنگلہ دیش کا قیام عمل میں آیا۔ بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ اٹل بہاری واجپائی نے اندرا گاندھی کو دُرگا دیوی کے نام سے خطاب کیا تھا۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ کانگریس نے بنگلہ دیشی عوام کو پاکستان کے مظالم سے نجات دلائی ہے۔ بنگلہ دیش کے قیام کو 50 سال مکمل ہوچکے ہیں اور آج بھی بنگلہ دیشی عوام ہندوستان کے مرہون منت ہیں۔ اے آئی سی سی قائد پروین داور نے جنگ کی تاریخ اور پس منظر پر روشنی ڈالی اور کہا کہ بنگلہ دیش کے استحکام اور سلامتی میں اندراگاندھی کا اہم رول ہے جنہوں نے عوام کو مظالم سے نجات دلائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنڈت جواہر لال نہرو، اندرا گاندھی اور پھر راجیو گاندھی نے ملک کو عالمی سطح پر سوپر پاور کے طور پر کھڑا کیا ہے۔ر