ڈھاکہ : 27 اگست ( یو این آئی ) بنگلہ دیش کے کیمپوں میں مقیم ہزاروں کی تعداد میں روہنگیا مسلمانوں نے، نو سال قبل ظلم و ستم سے فرار ہو کر آنے والے میانمار کی جانب محفوظ واپسی کا مطالبہ کرتے ہوئے مظاہرہ کیا۔میانمار میں آراکان مسلمانوں کے خلاف تشدد، ظلم و ستم کے آغاز کی نویں برسی کے موقع پر بنگلہ دیش کے کیمپوں میں مقیم ہزاروں افراد نے کوکس بازار کے علاقے میں احتجاج کیا۔مظاہرین نے بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا کہ ان کے لیے میانمار کے آرکان صوبے کو محفوظ طریقے سے واپس جانے کا اہتمام کیا جائے۔دوسری طرف، برطانیہ، کینیڈا، ڈنمارک، فن لینڈ، فرانس، جرمنی، آئرلینڈ، اٹلی، جاپان، کوسوو، ہالینڈ، ناروے، اسپین، سویڈن اور سوئٹزرلینڈ کے بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں موجود سفارت خانوں نے روہنگیا مسلمانوں کی صورتِ حال کے بارے میں مشترکہ بیان جاری کیا۔بیان میں کہا گیا کہ آرااکان میں انسانی امداد کی ضرورت بڑھ گئی ہے، شہری بنیادی ڈھانچے پر فضائی حملے جاری ہیں اور صورتحال تشویشناک ہے، نیز اس بات پر زور دیا گیا کہ آرکان کے مسلمانوں کو میانمار واپس جانے کا حق حاصل ہے۔