ماڈل اسکول کی لائبریری میں ماضی کی یادوں کا تذکرہ
حیدرآباد ۔17 ۔ جون (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے بچپن میں جس کتاب کا مطالعہ کیا تھا، آج جیسے ہی وہ کتاب دکھائی دی ، وہ ماضی کی یادوں میں کھوگئے۔ رنگا ریڈی ضلع کے اروٹلہ میں ریاست کے پہلے پبلک اسکول کا افتتاح کرنے کے بعد چیف منسٹر نے لائبریری کا معائنہ کیا۔ کتابوں کے مشاہدہ کے دوران ان کی نظر تلگو کتاب ’’پدا بالا سکشھا‘‘پر پڑی جو ابتدائی تعلیم کے وقت پڑھائی جاتی ہے ۔ ماڈل اسکول کی لائبریری میں اس کتاب کو دیکھنے کے بعد چیف منسٹر نے عوامی نمائندوں اور اسکول ٹیچرس کو اپنی ماضی کی یادوں سے متعارف کیا۔ انہوں نے بتایا کہ تعلیم کے آغاز پر انہوں نے یہ کتاب پڑھی تھی اور آج تک اس اسباق کو بھولے نہیں ہیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ان کے مستقبل کی بہتری میں کتابوں کا اہم رول ہے اور انہوں نے کتابوں کے مطالعہ کے ذریعہ ہی ترقی کی منزلیں طئے کی ہیں۔ چیف منسٹر نے ماڈل اسکول کی لائبریری میں بچوں کیلئے نصیحت آمیز کتابوں کی موجودگی کی ستائش کی اور امید ظاہر کی کہ کتابوں کے مطالعہ کے بعد طلبہ ملک کے ایک ذمہ دار شہری بنیں گے اور ریاست کی ترقی میں اپنا حصہ ادا کریں گے۔ چیف منسٹر نے نصابی کتب کے علاوہ بچوں کو اخلاقی اور معلوماتی کتابیں فراہم کرنے کا مشورہ دیا۔1/k
حیدرآباد سے ممبئی ، بنگلور اور چینائی بلٹ ٹرین راہداری کی تجویز
چیف منسٹر کا جائزہ اجلاس ، مجوزہ اسٹیشنوں کے قیام پر غور
حیدرآباد ۔17 ۔ جون (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے حیدرآباد تا ممبئی ، بنگلور اور چینائی مجوزہ بلٹ ٹرین راہداری پراجکٹ کے سلسلہ میں بعض اہم تجاویز پیش کی ہیں۔ چیف منسٹر نے بلٹ ٹرین پراجکٹ اور ورنگل ایرپورٹ کی تعمیر کے مسئلہ پر اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ بلٹ ٹرین راہ داری کے تحت اننت گری (وقار آباد) پر حیدرآباد ۔پونے ٹرین راہ داری کا اسٹیشن قائم کیا جائے۔ اننت گری سے آئی ٹی ہب کے اداروں کو مربوط کیا جاسکتا ہے۔ چیف منسٹر نے حیدرآباد تا بنگلور ہائی اسپیڈ ریلوے لائین کا اسٹیشن بھارت فیوچر سٹی میں تعمیر کرنے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اسٹیشن سیاحتی مراکز کیلئے سہولت بخش ثابت ہوگا۔ انہوں نے حیدرآباد تا بنگلور بلٹ ٹرین راہداری کے لئے جامع منصوبہ بندی کی ہدایت دی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ شمس آباد کو بلٹ ٹرین کے ہب میں تبدیل کیا جائے ۔ ورنگل ایرپورٹ کی ڈیزائین میں کاکتیہ دور حکومت کے تاریخی اور تہذیبی ورثہ کو شامل کرنے کا مشورہ دیا۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں سے کہا کہ ورنگل ایرپورٹ کے ڈیزائین کی تیاری کے سلسلہ میں ایرپورٹ اتھاریٹی آف انڈیا کے ساتھ اجلاس منعقد کریں۔1/k/m/b