سری نگر: جموں و کشمیر کے ضلع بڈگام کے وترہیل علاقے میں جمعہ کی شام بی ایس ایف کی ایک گاڑی الیکشن ڈیوٹی کے دوران حادثے کا شکار ہو گئی جس کے نتیجے میں 4 جوان جاں بحق اور 36 دیگر زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں سے 12 اہلکاروں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے، جنہیں بہتر علاج کیلئے سری نگر کے ہاسپٹل میں منتقل کیا گیا ہے۔واقعہ اس وقت پیش آیا جب بی ایس ایف اہلکاروں کو لیجانے والی گاڑی الیکشن ڈیوٹی پر تھی اور وترہیل کے دشوار گزار علاقے میں اچانک سڑک سے لڑھک گئی جس میں 40 اہلکار سوار تھے۔ مقامی لوگوں کے تعاون سے 4 جوانوں کی نعشیں برآمد کی گئیں۔ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کیلئے ضلع ہاسپٹل بڈگام منتقل کیا گیا، جہاں سے شدید زخمیوں کو سری نگر ریفر کر دیا گیا۔