بھوبھارتی اسکیم،اراضیات کے تنازعات کاخاتمہ ہوگا:پونم پربھاکر

   

حیدرآباد8 مئی(یواین آئی) وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے کہا کہ عوامی مسائل کو حل کرنے ہیلپ ڈیسک قائم کئے گئے ہیں، جہاں عوام کو فوری مدد فراہم کی جا رہی ہے ۔ جیسے آدھار کارڈ ہر شہری کے لئے شناخت کا ذریعہ ہے ، اسی طرز پر اب اراضی کیلئے بھی نقشہ تیار کر کے بھودھار کارڈ جاری کیا جا رہا ہے ۔انہوں نے ضلع سدی پیٹ کے جنگاؤں میں منعقدہ بھوبھارتی ریونیو کانفرنس میں شرکت کرتے ہوئے کہا کہ بھوبھارتی اسکیم کا مقصد حق داروں کے وقار کو محفوظ بنانا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اکناپیٹ کو پائلٹ ماڈل منڈل کے طور پر منتخب کیا گیا ہے تاکہ اس اسکیم کو بہتر انداز میں نافذ کیا جا سکے ۔انہوں نے کہا کہ اراضی تنازعات بعض اوقات جان لیوا بھی ثابت ہو سکتے ہیں لیکن اب بھوبھارتی کے ذریعہ ایسے جھگڑوں کا خاتمہ ممکن ہو گا اور گاؤں کی سطح پر ایسے مسائل کی گنجائش نہیں رہے گی۔