قانون ساز اسمبلی اور کونسل میں منظوری، جشنودیو ورما کی منظوری کے بعد گزٹ کی اجرائی
حیدرآباد ۔ 4 جنوری (سیاست نیوز) اسمبلی میں منظورہ نیا ریونیو قانون بھوبھارتی (ROR 2024) بل راج بھون کو پہنچ گیا ہے۔ واضح رہیکہ 18 ڈسمبر کو اسمبلی میں ریاستی وزیر مال پی سرینواس ریڈی نے متعارف کرایا تھا۔ اس بل پر 20 ڈسمبر کو تلنگانہ قانون ساز اسمبلی اور 21 ڈسمبر کو کونسل میں مباحث ہوئی جس کے بعد دونوں ایوانوں نے اس کو منظوری دی۔ دوسری جانب نئے قانون کے تعلق سے رہنمایانہ خطوط اور دیگر عمل کو محکمہ مال نے مکمل کردیا ہے۔ اسمبلی اور کونسل میں منظور کردہ بل کو گورنر کی منظوری کیلئے حکومت نے راج بھون کو روانہ کردیا۔ گورنر جشنودیو ورما کی منظوری کے بعد گزٹ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا جس کے بعد نئے قانون پر عمل آوری ہوگی۔ دوسری جانب زرعی اراضی کے رجسٹریشن، میوٹیشن، سرویس کیلئے پورٹل دھرانی کی دیکھ بھال کی ذمہ داری پوری طرح سے مرکزی حکومت کی ایجنسی نیشنل انفارمیٹکس سنٹر (این آئی سی) کے حوالے کردی گئی۔ محکمہ مال کے ذرائع سے پتہ چلا ہیکہ نئے سال کے پہلے دن سے پورٹل این آئی سی کی نگرانی میں پہنچ گئی ہے۔ سابق حکومت کے دوراقتدار میں 2 نومبر 2020ء سے عمل میں آنے والے دھرانی پورٹل آئی ایف ایل ایس اور اس کے ذیلی ادارہ ٹیرا آئی اے سی ایس نگرانی کررہا تھا۔ کانگریس نے اسمبلی انتخابات کے دوران وعدہ کیا تھا کہ غیرملکی کمپنی سے پورٹل کی نگرانی واپس لیتے ہوئے اس کو مقامی کمپنی کے حوالے کیا جائے گا۔ نومبر کے اواخر میں ٹیرا آئی سی ایس سے معاہدہ ختم ہوگیا اس کے بعد این آئی سی کے حوالے کرتے ہوئے معاہدہ کیا گیا۔ دھرانی پورٹل کا نام تبدیل کرتے ہوئے بھوبھارتی رکھتے ہوئے ریونیو ایکٹ میں اس کا تذکرہ کیا گیا۔ اس کے متعلق لوگو اور دیگر امور کو محکمہ مال نے تیار کیا ہے۔2