بہادر پورہ تا آرام گھر فلائی اوور کی ختم سال تک تکمیل

   

شہر کے دوسرے طویل ترین پل کا آئندہ سال کے اوائل میں افتتاح متوقع

حیدرآباد۔12۔نومبر(سیاست نیوز) پرانے شہر میں بہادر پورہ سے آرام گھر چوراہے کے درمیان زیر تعمیر فلائی اوور برج کے کاموں کو جاریہ سال کے اواخر تک مکمل کرلیا جائے گا اور امکان ہے کہ آئندہ سال کے اوائل میں اس فلائی اوور کا افتتاح عمل میں لایا جائے گا۔ شہر حیدرآباد کے دوسرے طویل ترین فلائی اوور 4.8 کیلو میٹر کی تکمیل کے سلسلہ میں جو منصوبہ تیار کیا گیا تھا اس کے مطابق اس فلائی اوور کی تکمیل سال گذشتہ مارچ کے اختتام تک ہوجانی تھی لیکن ان کاموں میں پیدا ہونے والی رکاوٹوں اور کاموں کی تکمیل میں ہونے والی تاخیر کو دیکھتے ہوئے مارچ 2023 کے بعد اس میں ایک سال کا اضافہ کرتے ہوئے اسے مارچ 2024 تک مکمل کرنے کی تاکید کی گئی تھی لیکن ان کاموں کی تکمیل کے لئے درکار وقت کو دیکھتے ہوئے اس میں مزید مہلت فراہم کرنے کے اقدامات کئے گئے لیکن کوئی وقت متعین نہیں کیاگیا تھا لیکن اب ان کاموں کی رفتار کو دیکھتے ہوئے کہا جا رہاہے کہ ان کاموں کو ڈسمبر 2024 کے اواخر تک مکمل کرلیا جائے گا اور 608 کروڑ کی لاگت سے تعمیر کئے جانے والے اس فلائی اوور کا جنوری 2025 کے اوائل میں افتتاح انجام دیا جائے گا۔ بہادر پورہ تا آرام گھر کے درمیان اس برج کی تکمیل کے اقدامات کے متعلق کہا جا رہاہے کہ اس برج کی تکمیل کے ساتھ ہی اس راستہ پر ٹریفک کے مسائل مکمل طور پر ختم ہوجائیں گے کیونکہ 6لائن کے اس برج کی تعمیر کے بعد بہادرپورہ سے آرام گھر چوراہا پہنچنے والوں کو بغیرکسی رکاوٹ کے اپنی منزل تک پہنچنے کی سہولت حاصل ہوجائے گی۔ پرانے شہر کی اس مصروف ترین سڑک پر طویل مدت سے جاری ان تعمیری کاموں کے نتیجہ میں عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اور گذشتہ چند ماہ کے دوران کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے ایک سے زائد مرتبہ اس فلائی اوور برج کے تعمیراتی کاموں کا جائزہ لینے کے بعد کاموں کو تیز کیاجاچکا ہے اور کہا جا رہاہے کہ آئندہ تین ماہ کے دوران کاموں کو مکمل کرتے ہوئے اس فلائی اوور برج کو عوام کے لئے کھول دیا جائے گا۔3