پٹنہ : بہار کے سابق چیف منسٹر اور ہندوستانی عوام مورچہ کے سرپرست جیتن رام مانجھی نے دعویٰ کیا کہ بدلتے منظر نامے میں بہار میں نئی سیاسی الٹ پھیرکا امکان ہے ۔ مسٹر مانجھی نے نامہ نگاروں سے کہا کہ راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) نے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی اتنی توہین کی کہ اب وہ تنگ آچکے ہیں۔ چیف منسٹر کے عظیم اتحاد چھوڑنے کی پیش قیاسی میںانہوں نے کہا کہ مایوسی کا شکار نتیش کمار کسی بھی حد تک جا سکتے ہیں۔ انہوںنے کہا، نئی دہلی کے حالیہ دورے پر نتیش کمار ‘ ڈپٹی چیف منسٹر تیجسوی پرساد یادو سے ان کی رہائش گاہ پر ملنا چاہتے تھے لیکن ایسا نہیں ہواجو انہیںناراض کرنے کافی ہے۔ انہوں نے تبصرہ کیا کہ چیف منسٹر نتیش کمار اپنی سہولت اور حالات کو دیکھتے ہوئے ماضی میں بھی اپنے سیاسی شراکت داروں کو تبدیل کرتے رہے ہیں اور مستقبل میں بھی ان کی جانب سے ایسا کرنے کا امکان موجود ہے ۔