لکھنؤ: اترپردیش حکومت نے جیلوں میں سزایافتہ قیدیوں میں اچھے کردار والے عمر قید اور مہلک بیماریوں سے متاثرہ 100قیدیوں کو یوم جمہوریہ کے موقع پر رہا کرنے کی پہل کی ہے ۔اس کے تحت 16سال کی سزا پوری کرنے والے 60سال سے زیادہ عمر کے قیدیوں کے علاوہ مہلک بیماریوں میں مبتلا قیدی بھی رہائی کے مستحق ہوںگے ۔ انکی شناخت سزا کاٹنے کے دوران اچھے عمل کی بنیاد پر کی جاتی ہے ۔ذرائع کے مطابق جیل ہیڈکوارٹر نے ریاستی حکومت کو ایسے نشان زد قیدیوں کی فہرست بھیج دی ہے۔ موصول اطلاع کے مطابق ڈائریکٹر جنرل ،جیل، آنند کمار نے رہائی کے مستحق قیدیوں کی تفصیلات ریاستی حکومت کو بھیج دی ہے ۔ حکومت جلد ہی رہائی کے مستحق قیدیوں کی فہرست کے نام طئے کر کے اسے گورنر کو بھیج دے گی۔ قاعدہ کے مطابق حکومت کی منظوری پر رہائی والے قیدیوں کی فہرست گورنر کی جانب سے جاری کی جاتی ہے۔