بہرائچ:11مئی(یواین آئی)اترپردیش کے ضلع بہرائچ میں واقع معروف سید سالار مسعود غازی کی درگاہ پر ہر سال جیٹھ ماہ میں لگنے والا میلے پر اس سال پابندی عائد کردی گئی ہے ۔اس کے ساتھ ہی اتوار سے ہی ضلع کی سرحد سے لگے علاقوں میں بیرئیر لگائے جارہے ہیں تاکہ میلے میں آنے والے عقیدتمندوں کو روکا جاسکے ۔ کروڑوں عقیدتمند میلے میں آنے والے ہیں۔ یہ میلہ گذشتہ تقربا پانچ سو سالوں سے منایا جارہا ہے ۔ لیکن اس مرتبہ پہلگام حملے سمیت دیگر سیکورٹی وجوہات سے یہ پابندی لگائی گئی ہے ۔درگاہ مینجمنٹ کمیٹی نے اس فیصلے کے خلاف ہائی کورٹ میں رٹ دائر کی ہے جس پر 14 مئی کو شنوائی ہونی ہے ۔ ضلع انتظامیہ نے لوگوں کو محفوظ رکھتے ہوئے نظم ونسق بنائے رکھنے کے لئے یہ قدم اٹھایا ہے تاکہ میلے کے دوران کسی بھی قسم کا ناخوشگوار واقعہ نہ ہوسکے ۔پولیس بھی عوام سے میلے میں نہ آنے کی اپیل کررہی ہے۔