بی آر ایس رکن اسمبلی کوشک ریڈی کےخلاف مقدمہ درج

   

پولیس کی اجازت کے بغیر دھرنا منظم کرنے پر کارروائی
حیدرآباد۔ 24 نومبر (سیاست نیوز) حضور آباد کے بی آر ایس رکن اسمبلی ای کوشک ریڈی کے خلاف پولیس نے مقدمہ درج کیا ہے۔ کوشک ریڈی نے 9 نومبر کو پولیس کی اجازت کے بغیر ہی دلت بندھو اسکیم کے درخواست گذاروں کے ساتھ دھرنا منظم کیا تھا جس کے نتیجہ میں صورتحال کشیدہ ہوگئی تھی۔ پولیس نے کوشک ریڈی کو مقدمہ کے اندراج کے علاوہ نوٹس جاری کی۔ رکن اسمبلی نے دلت بندھو اسکیم کی رقومات جاری کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے درخواست گذاروں کے ساتھ احتجاج کیا تھا۔ اس موقع پر پولیس اور بی آر ایس کارکنوں کے درمیان ہلکی جھڑپ ہوئی تھی اور کوشک ریڈی کو گرفتار کیا گیا۔ پولیس کی اجازت کے بغیر دھرنا اور احتجاج منظم کرنے کے الزام کے علاوہ کوشک ریڈی پر پولیس عہدیداروں کو سرکاری خدمات کی انجام دہی سے روکنے کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ پولیس نے بی این ایس قانون کی دفعات 359، 192، 189(2) اور 189(3) کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔ واضح رہے کہ کوشک ریڈی نے 9 نومبر کو دھرنا منظم کیا تھا لیکن پولیس کی جانب سے مقدمہ درج کرنے کا انکشاف تاخیر سے ہوا ہے۔ کوشک ریڈی کے دھرنے کے نتیجہ میں حضور آباد میں صورتحال کشیدہ ہوگئی تھی۔ پولیس کے جھڑپ میں کوشک ریڈی معمولی طور پر زخمی ہوگئے تھے۔ اسی دوران بی آر ایس قائدین نے کوشک ریڈی کے خلاف مقدمہ کی مذمت کی اور الزام عائد کیا کہ عوامی نمائندوں کی آواز کو کچلنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ 1