بی آر ایس ملک کی دولتمند ترین علاقائی پارٹی بن گئی

   

اثاثہ جات ایک سال میں 319 کروڑ سے 512 کروڑ ہوگئے، وائی ایس کانگریس کے اثاثہ جات 343 کروڑ
حیدرآباد5 جنوری (سیاست نیوز) کے سی آر کی زیر قیادت بھارت راشٹرا سمیتی ملک کی تمام علاقائی جماعتوں میں سب سے زیادہ دولتمند پارٹی کا اعزاز حاصل کرچکی ہے ۔ بی آر ایس اثاثہ جات میں گزشتہ دو برسوں کے دوران بھاری اضافہ ہوا ہے۔ الیکشن کمیشن میں داخل سالانہ آڈٹ اکاؤنٹس کے مطابق 2020-21 ء میں پارٹی کے اثاثہ جات 319 کروڑ تھے جو 2021-22 ء میں بڑھ کر 512 کروڑ ہوچکے ہیں۔ بی آر ایس کے علاوہ جگن موہن ریڈی کی زیر قیادت وائی ایس آر کانگریس نے آندھراپردیش میں اپنے اثاثہ جات کا اعلان کیا ۔ سیاسی پارٹیوں کو ہر سال الیکشن کمیشن میں اثاثہ جات کی تفصیلات داخل کرنا ضروری ہے۔ بی آر ایس کے ڈپازٹس مختلف بینکوں میں 451 کروڑ کے ہیں۔ پارٹی کے غیر منقولہ اثاثہ جات میں زیادہ تر عمارتیں ہیں اور دہلی میں پارٹی آفس کی اراضی، اضلاع میں پارٹی دفاتر کی اراضی اور دیگر اراضیات شامل ہیں۔ بی آر ایس کو الیکٹورل بانڈس ، رکنیت سازی ، رضاکارانہ عطیات اور بینک انٹرنس سے 2021-22 میں 218 کروڑ روپئے حاصل ہوئے۔ الیکٹورل بانڈس سے 153 کروڑ اور الیکٹورل ٹرسٹ سے 40 کروڑ کی آمدنی ہوئی ۔ پارٹی کو 2020-21 ء میں 37 کروڑ حاصل ہوئے۔ بی آر ایس نے گزشتہ مالیاتی سال 28 کروڑ کے اخراجات بتائے ہیں اور ان میں زیادہ تر اخراجات پارٹی رکنیت سازی پر انشورنس پریمیم کی ادائیگی سے متعلق ہیں اور 18 کروڑ روپئے انشورنس پریمیم کے طور پر ادا کئے گئے ۔ پارٹی کے واجبات کی مالیات 9.6 کروڑ ہے۔ دوسری طرف وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے اثاثہ جات 2020-21 ء میں 256 کروڑ تھے جو 2021-22 ء میں بڑھ کر 343 کروڑ ہوگئے۔ دو برسوں کے دوران پارٹی کی آمدنی 93 کروڑ سے بڑھ کر 107 کروڑ ہوگئی ۔ وائی ایس آر کانگریس پارٹی نے گزشتہ سال دس کروڑ کے اخراجات بتائے ہیں جبکہ واجبات 7.5 کروڑ ہیں۔ مختلف بینکوں میں 180 کروڑ کے ڈپازٹس ہیں۔ پارٹی کو الیکٹورل بانڈس سے 60 کروڑ اور الیکٹورل ٹرسٹ سے 20 کروڑ کی آمدنی ہوئی ۔ پارٹی کو عطیہ دینے والے اہم اداروں میں میگھا انجنیئرنگ ، کے ایم وی پراجکٹس ، جی ایم آر ، بھارتی ایرٹیل ، فیوچر گیمنگ اور ہوٹل سرویسز پرائیوٹ لمٹیڈ جیسے ادارے شامل ہیں۔ر