25 اپریل کو اسمبلی حلقوں کی سطح پر اجلاس، 27 اپریل کو جنرل باڈی میٹنگ، کنٹونمنٹ و گوشہ محل انچارجس کا تقرر
حیدرآباد۔/9 اپریل، ( سیاست نیوز) بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راما راؤ نے بھارت راشٹرا سمیتی ( بی آر ایس ) کی یوم تاسیس تقاریب کے اہتمام کے سلسلہ میں ہدایات جاری کی ہیں۔ کے ٹی آر کے مطابق 25 اپریل کو اسمبلی حلقہ جات کی سطح پر یوم تاسیس تقاریب منعقد کی جائیں گی جس میں ارکان اسمبلی و کونسل اور مقامی قائدین شرکت کریں گے۔27 اپریل کو تلنگانہ بھون حیدرآباد میں ریاستی سطح کی یوم تاسیس تقاریب منعقد ہوں گی۔ صدر بی آر ایس اور چیف منسٹر کے سی آر کی صدارت میں پارٹی کا جنرل باڈی اجلاس ہوگا جس میں بعض سیاسی قراردادیں منظور کی جائیں گی۔ 10 اکٹوبر کو ورنگل میں ایک بڑا جلسہ عام منعقد کیا جائے گا۔ کے ٹی آر نے تمام اضلاع میں پارٹی کے آتمیہ سمیلن کے انعقاد پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے ان پروگراموں کو جاری رکھنے کا مشورہ دیا۔ صدر بی آر ایس نے کنٹونمنٹ، گوشہ محل اور بھدرا چلم اسمبلی حلقہ جات کیلئے انچارجس کا تقرر کیا ہے۔ یوم تاسیس تقاریب کے ذریعہ عوام سے رابطہ کی مہم چلائی جائے گی۔ کے ٹی آر نے کہا کہ آتمیہ سمیلن کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ 25 اپریل کو اسمبلی حلقہ جات کی سطح پر اجلاسوں میں پارٹی کے انچارج اور مقامی ارکان اسمبلی شرکت کریں گے۔ ضلع صدور کی جانب سے ضلعی سطح کے اجلاس منعقد کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہر گاؤں اور ہر وارڈ میں 25 اپریل کو پارٹی پرچم لہرایا جائے گا اور صبح 10 بجے اسمبلی حلقہ جات کے مراکز پر اجلاس کا اہتمام ہوگا۔ 25 اپریل کو دن بھر مختلف پروگرام منعقد کئے جائیں گے۔ ہر اسمبلی حلقہ کے اجلاس میں تقریباً 2500 افراد کی شرکت کو یقینی بنایا جائے۔ مقامی عوامی نمائندوں کی شرکت لازمی رہے گی۔ کے ٹی آر کے مطابق 27 اپریل کو حیدرآباد کے تلنگانہ بھون میں وسیع تر اجلاس منعقد ہوگا۔ تقریباً 300 قائدین جنرل باڈی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ چیف منسٹر پارٹی پرچم لہرائیں گے جس کے بعد اجلاس میں سیاسی امور پر مباحث اور قراردادیں منظور کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ 10 اکٹوبر کو ورنگل میں ریاستی سطح کا جلسہ عام منعقد ہوگا۔ کے سی آر نے کنٹونمنٹ اسمبلی حلقہ کے انچارج کے طور پر این راج شیکھر ریڈی کو مقرر کیا ہے۔ گوشہ محل اسمبلی حلقہ کیلئے نند کشور ویاس اور بھدرا چلم اسمبلی حلقہ کے انچارج کے طور پر رکن پارلیمنٹ ایم کویتا کو مقرر کیا گیا ہے۔ر