بی ایم ڈبلیو کار پر ریموٹ سے دو نمبروں کا استعمال حالت نشہ میں شاطر ڈرائیور گرفتار

   

حیدرآباد ۔ 12 اپریل (سیاست نیوز) شہر کے پاش علاقہ جوبلی ہلز میں ڈیوٹی انجام دینے والے ٹریفک عملہ اس وقت حیرت کا شکار ہوگیا جب ایک شاطر شرابی ڈرائیور نے پولیس کو چکمہ دینے کیلئے عصری ٹکنالوجی والے نمبرپلیٹ نصب کرتے ہوئے دھوکہ دے رہا تھا۔ تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ جوبلی ہلز روڈ نمبر ون میں رات دیر گئے اس وقت پیش آیا جب جوبلی ہلز ٹریفک پولیس اسٹیشن سے وابستہ عملہ حالت نشہ میں گاڑی چلانے والوں کے خلاف ڈرنک اینڈ ڈرائیو خصوصی مہم میں مصروف تھا۔ اس دوران ایک لگژری بی ایم ڈبلیو گاڑی کو شبہ کی بنیاد پر ٹریفک پولیس عملہ نے روک کر برتھ انلائزر کے ذریعہ حالت نشہ میں ہونے کا پتہ لگانے کی کوشش کررہے تھے کہ ڈرائیور گوتم نے اپنے اسٹیرنگ کے قریب نصب کئے گئے ایک بٹن (ریموٹ کنٹرول) کو دبایا جس کے نتیجہ میں کار پر نصب کیا ہوا دہلی رجسٹریشن کا نمبر پلیٹ اچانک تلنگانہ کا رجسٹریشن نمبر پلیٹ میں تبدیل ہوگیا۔ یہ ٹکنیک دیکھ کر ٹریفک پولیس عملہ حیرت کا شکار ہوگیا اور ڈرائیور گوتم کو حراست میں لیتے ہوئے گاڑی ضبط کرلی گئی۔ انسپکٹر ٹریفک پولیس اسٹیشن جوبلی ہلز ایم رویندر نے بتایا کہ گوتم نے پولیس کو دھوکہ دینے کیلئے عصری ٹکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے ایک ہی گاڑی میں دو نمبر پلیٹ نصب کیا اور بٹن دباتے ہی نمبر پلیٹ تبدیل ہونے کی سہولت رکھی۔ گوتم کا ٹسٹ کئے جانے پر وہ حالت نشہ میں ہونے کا پتہ چلا جس پر جوبلی ہلز لا اینڈ آرڈر پولیس نے دھوکہ دہی اور موٹروہیکل ایکٹ کے علاوہ حالت نشہ میں گاڑی چلانے کے دفعات کے تحت ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے اسے گرفتار کرلیا۔ اسی طرح ٹریفک پولیس نے جاریہ ہفتہ دونوں شہروں میں حالت نشہ میں گاڑی چلانے والے 466 ڈرائیورس کے خلاف کارروائی کی ہے۔ بH/