ملکاجگیری میں ایٹالہ راجندر نے پرچہ نامزدگی داخل کیا ، جلسہ سے خطاب
حیدرآباد ۔ 18 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : مرکزی وزیر و صدر تلنگانہ بی جے پی جی کشن ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں بی جے پی 12 لوک سبھا حلقوں پر کامیابی حاصل کرے گی ۔ سارے ملک میں وزیراعظم نریندر مودی کی لہر چل رہی ہے ۔ حلقہ لوک سبھا ملکاجگیری کے بی جے پی امیدوار ایٹالہ راجندر کے پرچہ نامزدگی داخل کرنے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے جی کشن ریڈی نے کہا کہ بی جے پی ملکاجگیری کے بشمول 12 لوک سبھا حلقوں پر بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ایٹالہ راجندر نے کئی سیاسی تحریکات میں حصہ لیا ہے ۔ مختلف پلیٹ فارمس کے ذریعہ عوام کی خدمات انجام دی ہے ۔ ایسے قائد کو کامیاب بنانے سے حلقہ لوک سبھا ملکاجگیری کی ترقی ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ اس حلقہ کی صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی و موجودہ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے نمائندگی کی ہے مگر اس حلقہ کی ترقی کے لیے کوئی کام نہیں کیا ہے ۔ اگر بی جے پی کے امیدوار ایٹالہ راجندر کو کامیاب بنایا گیا تو حلقہ لوک سبھا ملکاجگیری کو ملک کے مثالی حلقہ میں ترقی دی جائے گی ۔ مرکز میں بی جے پی کی تیسری مرتبہ حکومت قائم ہوگی اور نریندر مودی ہیٹ ٹرک وزیراعظم کا حلف لیں گے ۔ جی کشن ریڈی نے کہا کہ بی جے پی کی قومی قیادت اور وزیر اعظم نریندر مودی تلنگانہ پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں ۔ حلقہ لوک سبھا ملکاجگیری میں وزیراعظم نے روڈ شو کرتے ہوئے ایٹالہ راجندر کو آشیرواد بھی دیا ہے اور انہیں پرچہ نامزدگی داخل کرنے کے بعد گھر گھر انتخابی مہم چلانے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کا کیڈر ایٹالہ راجندر کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کے لیے کمربستہ ہوگیا ہے ۔ جی کشن ریڈی نے پارٹی قائدین اور کارکنوں کو آپسی تال میل اور اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایٹالہ راجندر کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کی اپیل کی ۔ وزیراعظم نریندر مودی نے ملک اور ریاست کی ترقی کے لیے بڑے پیمانے پر اقدامات کی ہے اس سے عوام کو واقف کرانے پر زور دیا ۔ مرکزی وزیر جی کشن ریڈی نے کہا کہ بی جے پی تلنگانہ میں 12 لوک سبھا حلقوں کے ساتھ اسمبلی حلقہ سکندرآباد کنٹونمنٹ کے ضمنی انتخاب میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی ۔۔ 2