بی جے پی کو اقتدار سے بیدخل کرنے سیکولر اور جمہوری طاقتوں کا اتحاد ضروری

   

بیروزگاری اور مہنگائی میں اضافہ، سی پی آئی قومی سکریٹری ڈاکٹر نارائنا اور چاڈا وینکٹ ریڈی کا خطاب
حیدرآباد۔/17 مئی، ( سیاست نیوز) سی پی آئی کے قومی سکریٹری ڈاکٹر نارائنا نے سیکولر اور جمہوری طاقتوں سے اپیل کی کہ مرکز میں بی جے پی کو اقتدار سے بیدخل کرنے کیلئے متحدہ جدوجہد کریں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو فرقہ پرستی کی لعنت سے بچانے کیلئے بی جے پی کو اقتدار سے باہر کرنا ضروری ہے۔ ڈاکٹر نارائنا پارٹی کی تین روزہ قومی مہا سبھا کے انعقاد کی تیاریوں کے سلسلہ میں رنگاریڈی ضلع میں منعقدہ پارٹی قائدین کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ سی پی آئی کے صدر ضلع رنگاریڈی کے رویندر چاری کی صدارت میں اجلاس منعقد ہوا جس میں سی پی آئی سکریٹریٹ کے ارکان کے علاوہ سابق رکن راجیہ سبھا عزیز پاشاہ، ریاستی سکریٹری چاڈا وینکٹ ریڈی، اسسٹنٹ سکریٹری پی وینکٹ ریڈی، ڈی پربھاکر،کے راملو اور دیگر قائدین نے شرکت کی۔ ڈاکٹر کے نارائنا نے کہا کہ بی جے پی حکومت نے ملک کے عوام کے مسائل میں اضافہ کردیا ہے۔ گزشتہ آٹھ برسوں میں مہنگائی اور بیروزگاری کے خاتمہ کیلئے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے۔ بی جے پی حکومت نے کسانوں اور مزدوروں کی امیدوں پر پانی پھیر دیا ہے۔ غربت کی سطح میں مزید اضافہ ہوگیا ہے جبکہ دولتمند اور سرمایہ دار حکومت کے اقدامات سے فائدہ اٹھارہے ہیں۔ 2022-23 کے بجٹ میں 65 ہزار کروڑ کی سرمایہ نکاسی کا فیصلہ کیا گیا جس کے تحت ملک کے 36 اہم عوامی شعبہ کے اداروں کو خانگیانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عادل آباد میں واقع سمنٹ کارپوریشن آف انڈیا کو خانگیانے کی تیاری کرلی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری طاقتوں کو بی جے پی کی مخالف عوام پالیسیوں اور ہندوتوا کی طاقتوں کے خلاف میدان میں آنا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں امن اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی برقراری ہر کسی کی اولین ترجیح ہونی چاہیئے۔ چاڈا وینکٹ ریڈی نے کہا کہ غیر منظم ورکرس بی جے پی حکومت کی پالیسیوں سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ بیروزگاری کی سطح میں دن بہ دن اضافہ ہوچکا ہے۔ سی پی آئی مرکز اور ریاست کی مخالف عوام پالیسیوں کے خلاف جدوجہد کررہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سی پی آئی کی تیسری اسٹیٹ مہا سبھا 4 تا 7 ستمبر رنگاریڈی ضلع کے شمس آباد میں منعقد ہوگی۔ ریاست کے تمام اضلاع سے 600 مندوبین شرکت کریں گے۔ سابق رکن راجیہ سبھا عزیز پاشاہ نے کہا کہ فرقہ پرست طاقتوں کے خلاف جدوجہد کیلئے سیکولر اور جمہوری طاقتوں کو اختلافات ختم کرتے ہوئے متحد ہونا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ کمیونسٹ پارٹی نے ہمیشہ کمزوروں اور مظلوموں کے حق میں جدوجہد کی ہے۔ر