وزیر اعظم مودی کا جلسوں سے خطاب ہوگا
حیدرآباد ۔ 4 نومبر (سیاست نیوز) وزیراعظم نریندر مودی بی جے پی کی انتخابی مہم چلانے کیلئے دوسری مرتبہ تلنگانہ کو پہنچ رہے ہیں۔ ان کے دو جلسہ عام بھی حیدرآباد میں منعقد کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے تلنگانہ بی جے پی کی جانب سے بڑے پیمانے پر تیاریاں کی جارہی ہیں۔ 7 نومبر کو ایل بی اسٹیڈیم میں بی سی گرجنا جلسہ عام منعقد کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ 11 نومبر کو سکندرآباد کے پریڈ گراونڈ پر ایس سی گرجنا جلسہ عام کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ واضح رہیکہ چند دن قبل مرکزی وزیرداخلہ امیت شاہ نے ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے تلنگانہ میں حکومت تشکیل دینے پر بی سی قائد کو چیف منسٹر بنانے کا اعلان کیا تھا۔ بی جے پی پارٹی بی سی طبقات کی تائید حاصل کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کررہی ہے۔ تاحال 40 سے زیادہ ٹکٹ بی جے پی نے بی سی امیدواروں کو دیا ہے۔ ریاست میں ایس سی طبقہ کی زمرہ بندی کیلئے ایم آر پی ایس کی جانب سے بڑے پیمانے پر تحریک چلائی جارہی ہے۔ 11 نومبر کو پریڈ گراونڈ سکندرآباد میں منعقد ہونے والے جلسہ عام میں وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے ایس سی طبقہ کی زمرہ بندی کا اعلان بھی کرسکتے ہیں۔ اس طرح بی جے پی تلنگانہ میں بی سی اور ایس سی طبقہ کی تائید حاصل کرنے کیلئے ماسٹر اسٹروک کھیلنے کی حکمت عملی تیار کی ہے۔ بی جے پی کے ان وعدوں پر تلنگانہ کے عوام کتنا بھروسہ کرتے ہیں، اس کا آنے والا وقت ہی بتائے گا۔ حیدرآباد میں منعقد ہونے والے وزیراعظم مودی کے جلسوں کو کامیاب بنانے کیلئے بی جے پی کی جانب سے بڑے پیمانے پر تیاریاں کی جارہی ہے۔ن