اے سی بی کا دھاوا، غیر متناسب اثاثہ جات کا انکشاف، مزید تحقیقات جاری
حیدرآباد 27 اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ اینٹی کرپشن بیورو کے عہدیداروں نے کالیشورم گجویل کے آبپاشی اور کمانڈ ایریا ڈیولپمنٹ (CAD) کے انجینئر اِن چیف بھوکیہ ہری رام کو غیر متناسب اثاثہ جات کے معاملہ میں گرفتار کرلیا اور ان کی رہائش گاہوں اور دیگر مقامات پر چھاپے مارے۔ ہری رام فی الحال کالیشورم کارپوریشن کے منیجنگ ڈائرکٹر کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ گجویل علاقہ کے پراجکٹ کے ای این سی بھی ہیں۔ شیخ پیٹ میں واقع ان کے مکان آدتیہ ٹاورس میں چھاپے مارے گئے۔ ان پر الزام ہے کہ انھوں نے اپنی سرویس کے دوران غیر قانونی طریقوں سے کئی جائیدادیں جمع کی ہیں۔ اے سی بی نے چھاپے کے دوران شیخ پیٹ میں ایک ولا، کونڈہ پور میں ایک ولا، سری نگر کالونی میں ایک فلیٹ، مادھاپور میں ایک فلیٹ، نارسنگی میں ایک فلیٹ، آندھراپردیش کے امراوتی میں کمرشیل اراضی، محبوب نگر کے مرکوک منڈل میں 28 ایکر زرعی اراضی، پٹن چیرو میں 20 گنٹے اراضی، سری نگر کالونی میں دو مکانات، یادادری بھونگیر ضلع کے مچل رامارم منڈل میں 6 ایکر پر فارم ہاؤز، کتہ گوڈم میں زیرتعمیر مکان، قطب اللہ پور میں پلاٹ، مریال گوڑہ میں پلاٹ، بی ایم ڈبلیو اور ایک کار، طلائی زیورات اور بینک رقم کا پتہ لگایا ہے۔ مزید تحقیقات جاری ہیں۔ پتہ لگانے کی کوشش کی جارہی ہے کہ نام یا افراد خاندان کے نام پر مزید جائیدادیں ہیں یا نہیں۔ ہری رام کو اے سی بی عہدیداروں نے جوڈیشیل ریمانڈ کے لئے بھیج دیا ۔ (ش)