بیرن ٹرمپ سیکوریٹی خدشات کے سبب تنہا زندگی گزارنے پر مجبور

   

واشنگٹن ۔ 29 اگست (ایجنسیز) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے 20 سالہ بیٹے بیرن ٹرمپ سیکوریٹی خدشات کے باعث گھر میں قید ہیں اور تنہائی کی گزار رہے ہیں، بیرن عوامی مقامات پر جانے سے بھی گریز کر رہے ہیں۔ امریکی اخبار نیویارک پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق بیرن ٹرمپ نیویارک یونیورسٹی میں اپنی تعلیم کے دوسرے سال میں ہیں اور رواں موسمِ گرما کا بیشتر وقت انہوں نے اپنی والدہ اور خاتونِ اوّل میلانیا ٹرمپ کے ساتھ نیو جرسی میں واقع ٹرمپ نیشنل گالف کلب بیڈ منسٹر میں گزارا۔ رپورٹ میں اپنے ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ بیرن گھر سے باہر نہیں نکلتے، عوام میں نظر آنے سے گریز کرتے ہیں اور اگر نجی مقامات پر جاتے ہیں تو فوری طور پر وہاں سے کسی دوسری جگہ روانہ ہو جاتے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق بیرن قدامت پسند کارکن چارلی کرک کے بھی قریب تھے اور ان کے قتل سے شدید متاثر ہوئے ہیں، بتایا گیا ہے کہ بیرن نے اپنے والد کو فون کر کے چارلی کرک کی ہلاکت کی اطلاع دی اور کہا کہ جب آپ باہر نکلتے ہیں تو ایسا ہی ہوتا ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق میلانیا ٹرمپ کے دفتر نے حالیہ دھمکیوں کے پیشِ نظر بیرن کی نجی زندگی سے متعلق تفصیلات خبروں میں شامل نہ کرنے کی درخواست کی ہے، میلانیا اپنے بیٹے کی نجی زندگی کے فیصلے کا احترام کرتی ہیں۔ ڈونالڈ ٹرمپ کی پہلی صدارتی مدت ختم ہونے کے بعد جب بیرن کی خفیہ سروس سیکوریٹی ختم ہونے والی تھی تو میلانیا کے دفتر نے سابق صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ سے بیرن کی سیکوریٹی میں توسیع کی درخواست کی تھی جسے منظور کر لیا گیا تھا۔ میلانیا کو ایک دستاویزی فلم میں بھی خفیہ سروس اہلکاروں سے گفتگو کرتے ہوئے سنا گیا تھا کہ میں جانتی ہوں بیرن باہر نہیں جائیں گے اور میں بیرن کے فیصلے کا احترام کرتی ہیں۔