بیروزگار نوجوانوں کیلئے آر ٹی سی کا تحفہ

   

حیدرآباد۔یکم مئی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت کی جانب سے 80 ہزار سے زائد جائیدادوں پر تقررات کے اعلان کے بعد مسابقتی امتحانات میں شرکت کے خواہشمند بیروزگار نوجوانوں کیلئے تلنگانہ آر ٹی سی نے خیرسگالی کا مظاہرہ کیا ہے۔ آر ٹی سی نے سٹی آرڈینری، میٹرو بس میں سہ ماہی بس پاس پر 20 فیصد رعایت کا اعلان کیا ہے۔ گریٹر حیدرآباد ایگزیکیٹو ڈائرکٹر یادگیری نے یہ اعلان کیا۔ سہ ماہی آرڈینری بس پاس کی قیمت 3450 روپئے ہے اور 20 فیصد رعایت کے بعد بیروزگار نوجوان 2800 روپئے میں حاصل کرپائیں گے۔ میٹرو سرویس میں سہ ماہی پاس کی قیمت 3900 روپئے ہے اور 20 فیصد رعایت کے ذریعہ 3120 روپئے میں پاس جاری کیا جائے گا۔ بیروزگار نوجوان 3200 روپئے ادا کرتے ہوئے پاس حاصل کرسکتے ہیں۔ پاس کے حصول کیلئے شناختی کارڈ کیلئے علحدہ 30 روپئے ادا کرنے ہوں گے۔ آر ٹی سی نے روزگارکے حصول میں دوڑ دھوپ کرنے والے بیروزگار نوجوانوں کو سہولت فراہم کرتے ہوئے انسانی ہمدردی کے جذبہ کا مظاہرہ کیا ہے۔ آر ٹی سی نے گریٹر حیدرآباد زون میں بس شیلٹرس کی تعداد میں اضافہ کا فیصلہ کیا ہے اور ایرا گڈہ ، اوپل، پرگتی نگر، یاپرال، کاچیگوڑہ، سکندرآباد، نلہ کنٹہ، اڈیکمیٹ، نارائن گوڑہ، افضل گنج، ایل بی نگراور دیگر علاقوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔ر