تاریخی قلعہ گولکنڈہ میں یوم آزادی تقاریب کے انتظامات مکمل

   

پریڈ کا ریہرسل ، نقائص سے پاک انتظامات کرنے محکمہ جات کو وکاس راج کی ہدایت

حیدرآباد۔13۔اگسٹ (سیاست نیوز) تاریخی قلعہ گولکنڈہ میں 15 اگست یوم آزادی تقاریب کے وسیع تر انتظامات کا آج ریہرسل کیا گیا۔ اسپیشل چیف سکریٹری عمارات و شوارع وکاس راج نے دیگر عہدیداروں کے ساتھ قلعہ گولکنڈہ میں انتظامات کا جائزہ لیا۔ یوم آزادی تقاریب کے تحت چیف منسٹر ریونت ریڈی قومی پرچم لہرائیں گے اور خطاب کریں گے ۔ وکاس راج نے پرچم کشائی کے علاوہ پولیس پریڈ ، کلچرل پروگرام اور اہم شخصیتوں کے لئے نشستوں کے علحدہ انتظامات کے علاوہ گولکنڈہ جانے والی سڑک پر ٹریفک جام کے بغیر معقول انتظامات کی ہدایت دی۔ انہوں نے محکمہ جات سے کہا کہ وہ باہمی تال میل کے ساتھ شایان شان انتظامات کو یقینی بنائیں۔ بلا وقفہ برقی سربراہی کیلئے محکمہ برقی کو جنریٹرس اور دیگر انتظامات کی ہدایت دی گئی ۔ بارش سے بچاؤ کیلئے واٹر پروف شامیانہ نصب کیا جائے گا۔ طلبہ اور مدعوئین کیلئے علحدہ نشستوں کا انتظام کیا جارہا ہے ۔ وکاس راج نے تقریب کے موقع پر ٹریفک میں کسی خلل روکنے کیلئے ٹریفک پولیس کو موثر انتظامات کی ہدایت دی ۔ وکاس راج نے اضلاع میں سرکاری اور خانگی تعلیمی اداروں میں یوم آزادی تقاریب کے انعقاد کی ہدایت دی۔ انتظامات کے ریہرسل کا جائزہ لینے کے موقع پر پرنسپل سکریٹری جی اے ڈی پولیٹکل احمد ندیم ، کمشنر اطلاعات جی مکند ریڈی ، ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل پولیس سنجے کمار جین ، سواتی لکرا ، کمشنر پولیس حیدرآباد وی سی سجنار ، ایڈیشنل کمشنر تفسیر اقبال ، جوائنٹ کمشنر ٹریفک جویل ڈیوس ، انٹلیجنس او ایس ڈی کملاسین ریڈی ، ایڈیشنل کلکٹر جتیندر ریڈی اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔1/k