تاریخی مکہ مسجد کے احاطہ میں اچانک آکٹوپس سکیوریٹی ڈرل

   

ہنگامی صورتحال سے نمٹنے تیاریوں کا جائزہ ۔ مسجد کو کوئی خطرہ نہیں۔ عوام میں سنسنی

حیدرآباد 4 اکٹوبر (سیاست نیوز) تلنگانہ کی ایلیٹ آکٹوپس فورس نے تاریخی مکہ مسجد کے احاطہ میں ماک ڈرل (مشق) کیا۔ اچانک ماک ڈرل سے پرانے شہر اور چارمینار کے اطراف سنسنی پھیل گئی۔ عصری ہتھیاروں سے لیس آکٹوپس کمانڈوز کی جانب سے مسجد میں داخل ہونے اور ایمرجنسی سائرن بجانے کے ویڈیوز اندرون چند منٹ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئے جس کے بعد شہر حیدرآباد میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ مکہ مسجد کے احاطہ میں کمانڈوز کی موجودگی اطلاع کے بعد خوفزدہ عوام نے میڈیا دفاتر کو فون کرکے حالات سے آگہی حاصل کی۔ ذرائع نے بتایا کہ تاریخی مسجد کی سکیوریٹی کو مؤثر بنانے یہ مشق کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق آکٹوپس کمانڈوز کی ٹیمیں ہفتے کو 11 بجے شب اچانک مکہ مسجد پہونچ گئیں اور مسجد کے احاطہ میں داخل ہوکر مشق شروع کردی۔ آکٹوپس جو ریاست کی حفاظتی فورس ہے، ہنگامی حالات سے نمٹنے اِس فورس کو تشکیل دیا گیا ہے۔ اِس مذہبی مقام پر آکٹوپس اور دیگر سکیوریٹی ایجنسیوں کے عہدیداروں نے مشق میں حصہ لیا تاکہ ممکنہ سکیوریٹی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے اُن کی تیاری، ردعمل کی رفتار اور باہمی تال میل کا جائزہ لیا جاسکے۔ آکٹوپس کے ایک سینئر عہدیدار نے اِس مشق سے متعلق کہاکہ تاریخی مکہ مسجد کی سکیوریٹی کو حقیقی طور پر کوئی خطرہ نہیں ہے لیکن آکٹوپس فورس کی چوکسی اور اُن کی مستعدی کو جانچنا تھا۔ اِس دوران چارمینار کو آنے والے سیاح اور مقامی عوام بھاری تعداد میں جمع ہوگئے اور اِس مشق کا مشاہدہ کر رہے تھے ۔ (ب؍V)