حیدرآباد ۔8۔نومبر (سیاست نیوز) سپریم کورٹ نے آج پرجا شانتی پارٹی کے سربراہ کے اے پال کی درخواست کو مسترد کردیا جس میں انہوں نے تروملا تروپتی دیوستھانم کو مرکزی زیر انتظام علاقہ قرار دینے کی اپیل کی تھی۔ کے اے پال کی درخواست کی سماعت جسٹس بی آر گوائی کی زیر قیادت بنچ نے کی۔ درخواست گزار نے تروپتی میں مندر کی موجودگی کا حوالہ دیتے ہوئے علاقہ کو مرکزی زیر انتظام علاقہ میں تبدیل کرنے کی اپیل کی۔ عدالت نے کہا کہ ملک میں کئی مذہبی مقامات ہیں اور انہیں مرکزی زیر انتظام علاقہ قرار نہیں دیا جاسکتا۔ درخواست گزار نے کہا کہ مندر کے بہتر انتظامات کیلئے مرکزی حکومت کو علاقہ کی ذمہ داری اپنے تحت لینی چاہئے ۔ کے اے پال نے عدالت کے فیصلہ کے بعد کہا کہ صرف 5 منٹ ان کی درخواست کی سماعت کیلئے مقرر کئے گئے تھے ، حالانکہ یہ معاملہ ہندو سماج کے لئے اہمیت کا حامل ہے۔ 1