انقرہ : جنوب مشرقی ترکیہ میں پولیس کی بکتر بند گاڑی پر بم حملے میں 8 اہلکاروں سمیت 9 افراد زخمی ہوگئے ۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے ’ اے ایف پی ‘ کی رپور ٹ کے مطابق اس بم حملے کے بعد کردوں کی اکثریت والے علاقے میں بے امنی اور پرتشدد واقعات کی نئی لہر جنم لینے کے خدشات سراٹھانے لگے ہیں ۔ مقامی گورنر کے دفتر کی جانب سے جاری بیان میں بتایا ہے کہ دیار باقر شہر کے قریب ہونے والے حملے میں 8 پولیس اہلکار اور ایک عام شہری زخمی ہوا ۔ حکام کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ زخمی ہونے والے 9 افراد کو احتیاط کے طور پر فوری ہسپتال منتقل کیا گیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ زخمی ہونے والے افراد کی چوٹیں سنگین اور جان لیوا نوعیت کی نہیں تھیں ۔ ٹیلی ویژن فوٹیج میں دھماکے سے متاثرہ سفید بس کو ملبے سے بھرے روڈ پر کھڑا دکھایا گیا ۔ فوٹیج میں بم سے متاثرہ ایک چھوٹی گاڑی کو بھی دکھایا گیا ، تاحال کسی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول کرنے کا کوئی دعویٰ نہیں کیا ۔