ترکیہ میں ہولناک ٹریفک حادثہ معصوم بچے سمیت 8افراد ہلاک

   

استنبول،31 مئی (یواین آئی )مغربی ترکیہ میں اتوار کی علی الصبح ایک مسافر بس خوفناک حادثے کا شکار ہو کر آگ کی لپیٹ میں آ گئی، جس کے نتیجے میں ایک 9 ماہ کے معصوم بچے سمیت 8 افراد ہلاک اور 33 شدید زخمی ہو گئے ۔ترک میڈیا کے مطابق یہ افسوسناک حادثہ صوبہ دنیزلی میں مقامی وقت کے مطابق رات 1:40 بجے پیش آیا۔ ‘پاموکلے ٹورازم’ کی ملکیت یہ مسافر بس 38 مسافروں اور عملے کے 3 ارکان کو لے کر ازمیر سے بحیرہ روم کے ساحلی شہر انتالیا جا رہی تھی کہ اچانک ہائی وے کے حفاظتی جنگلوں ) سے جا ٹکرائی۔ٹکر اتنی شدید تھی کہ بس میں فوری طور پر ہولناک آگ بھڑک اٹھی۔ حادثے کے بعد جاری ہونے والی تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بس کا ڈھانچہ سڑک کے کنارے پوری طرح جل کر راکھ کا ڈھیر بن چکا ہے ۔ہلاک ہونے والوں میں بس کا 50 سالہ ڈرائیور اور نو ماہ کے معصوم بچے کا والد بھی شامل ہے ۔ ریسکیو حکام نے تمام زخمیوں کو قریبی ہسپتالوں میں منتقل کر دیا ہے ، جہاں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ۔