اگرتلہ، 8 اپریل (یو این آئی) تریپورہ قبائلی ایریا آٹونومس ضلع کونسل (اے ڈی سی) کے انتخابات سے قبل وزیر اعلیٰ ڈاکٹر مانک ساہا کے جلسہ سے واپس لوٹ رہے بھارتیہ جنتا پارٹی کے حامیوں کی گاڑیوں پر منگل کو بدمعاشوں نے فائرنگ کی اور گرینیڈ سے حملہ کیا، جس کے بعد کھوائی ضلع کے تیلیامورا میں کشیدگی پھیل گئی۔پولیس کے مطابق یہ حملہ میرینگ بازار کے قریب پراکل کے علاقے میں ہوا۔ حملہ آوروں نے مبینہ طور پر گاڑیوں پر تین گولیاں چلائیں اور ووٹروں میں خوف و ہراس پھیلانے کے مقصد سے ایک گرینیڈ حملہ کیا۔ حملے میں کم از کم 10 افراد زخمی ہوئے جنہیں اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ اس کے جواب میں، صورتحال کو مستحکم کرنے اور ریلی کے محفوظ انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے پولیس اور سکیورٹی فورسز کی بھاری نفری تعینات کی گئی۔ تاہم پولیس نے دعویٰ کیا کہ انتظامیہ متاثرہ علاقہ میں امن برقرار رکھنے کے لیے تیزی سے کام کر رہی ہے ۔وزیراعلیٰ نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے ٹپرا موتھا کے ارکان پر انتخابی عمل میں خلل ڈالنے کے لئے حملے کی سازش کرنے کا الزام لگایا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے حامیوں کو ہراساں کرنے اور دھمکیوں کا سامنا کرنا پڑا اور شرکاء میں خوف پیدا کرنے کیلئے جان بوجھ کر ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا۔W/K
وزیر اعلیٰ نے اس طرح کے اقدامات پر تنقید کرتے ہوئے کہا، “آئندہ اے ڈی سی انتخابات میں شکست کا سامنا کرنے والے کچھ لوگ 1970 کی دہائی کے پرتشدد سیاسی کلچر کو زندہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔” انہوں نے موتھا پر بی جے پی کی ترقی کو رکاوٹ ڈالنے کے لیے دہشت پھیلانے کے حربے آزمانے کا الزام لگایا۔ وزیراعلیٰ نے حامیوں کو یقین دلایا کہ بلدیاتی انتخابات میں ان کی جیت کو کوئی بھی دھمکی یا پرتشدد اقدامات نہیں روک پائے گا۔