پبلک سرویس کمیشن میں ٹول فری نمبر ، تقررات میں شفافیت کا تیقن، صدرنشین پبلک سرویس کمیشن کے عہدہ کا جائزہ لیا
حیدرآباد ۔5۔ڈسمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن پر امیدواروں کے اعتماد اور بھروسہ کو بحال کرنے کیلئے ہر ممکن قدم اٹھائے جائیں گے ۔ سینئر آئی اے ایس عہدیدار بی وینکٹیشم نے آج پبلک سرویس کمیشن کے صدرنشین کے عہدہ کا جائزہ حاصل کرلیا ۔ نامپلی میں واقع کمیشن کے دفتر میں عہدیداروں کی موجودگی میں بی وینکٹیشم نے ذمہ داری سنبھال لی۔ حکومت نے مہیندر ریڈی کی سبکدوشی کے بعد بی وینکٹیشم کو کمیشن کا صدرنشین مقرر کیا ہے ۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وینکٹیشم نے کہا کہ آئی اے ایس عہدیدار بننا ان کا ایک خواب تھا اور انہوں نے انتہائی محنت اور مشقت کے ساتھ یہ مقام حاصل کیا ہے ۔ بی وینکٹیشم نے کہا کہ ان کی سرویس میں ابھی تین سال 6 ماہ باقی ہیں اور وہ اس مدت کے دوران بیروزگار نوجوانوں کی امیدوں کی تکمیل کی مساعی کریں گے۔ تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کی کارکردگی شفافیت پر مبنی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری محکمہ جات میں تقررات شیڈول کے مطابق عمل میں آئیں گے ۔ نوٹیفکیشن کی وقفہ وقفہ سے اجرائی اور تقررات کے عمل کو تیزی کے ساتھ مکمل کیا جائے گا اور تقررات کے عمل میں شفافیت رہے گی۔ انہوں نے امیدواروں سے اپیل کی کہ وہ کمیشن پر بھروسہ کرتے ہوئے تقررات کے امتحانات میں حصہ لیں۔ جنگاؤں ضلع کے کیشو پورم موضع سے تعلق رکھنے والے بی وینکٹیشم ایک غریب خاندان سے تعلق رکھتے تھے۔1