تلنگانہ اور آندھراپردیش کے 3081 عازمین مکہ مکرمہ پہنچ گئے

   

آخری قافلہ میں 377 عازمین شامل ، محمد سلیم اور غوث الاعظم نے وداع کیا
حیدرآباد۔30۔ جون (سیاست نیوز) حج 2022 ء کے لئے تلنگانہ حج کمیٹی کے عازمین کی روانگی کا مرحلہ آج آخری قافلہ کی روانگی کے ساتھ اختتام کو پہنچا۔ حج کمیٹی کے ذریعہ جملہ 3081 عازمین حج حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ سے سعودی ایر لائینس کی خصوصی پروازوں کے ذریعہ جدہ روانہ ہوئے اور عمرہ کی تکمیل کے بعد مکہ مکرمہ میں عبادات میں مصروف ہیں۔ حج کمیٹی کے ذریعہ 377 عازمین پر مشتمل 9 واں اور آخری قافلہ آج روانہ ہوا ۔ صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی جناب محمد سلیم ، صدرنشین آندھراپردیش حج کمیٹی جناب غوث الاعظم ، رکن قانون ساز کونسل محمد روح اللہ ، اگزیکیٹیو آفیسر تلنگانہ بی شفیع اللہ ، اگزیکیٹیو آفیسر آندھراپردیش ایل عبدالقادر اور حج کمیٹی کے ارکان نے آخری قافلہ کو وداع کیا۔ حج ہاؤز نامپلی سے عازمین حج کی خصوصی بسوں کو دونوں ریاستوں کے صدورنشین حج کمیٹی نے جھنڈی دکھائی۔ ایرپورٹ پر ضروری امور کی تکمیل کے بعد عازمین حج کا آخری قافلہ مکہ مکرمہ پہنچ چکا ہے۔ دونوں ریاستوں کی حج کمیٹی کے ارکان نظام الدین ، سید غلام احمد حسین ، سید عرفان الحق ، محمد عمران ، شیخ باشا ، شیخ قادر ، منظور احمد اور عباد اللہ آخری قافلہ کی روانگی کے وقت موجود تھے ۔ اس قافلہ میں حیدرآباد کے 132 ، عادل آباد 2 ، کتہ گوڑم 2 ، جگتیال 2 ، کریم نگر 2 ، محبوب نگر 8 ، میڑچل 11 ، نلگنڈہ 4 ، نرمل 2 ، نظام آباد 5 ، رنگا ریڈی 5 ، ورنگل 6 ، مشرقی گوداوری 29 ، گنٹور 2 ، کرشنا 86 ، کرنول 7 ، پرکاشم 68 اور وشاکھاپٹنم کے تین عازمین شامل ہیں۔ آندھراپردیش کے عہدیداروں نے تلنگانہ حج کمیٹی کے انتظامات کی ستائش کی ۔ مولانا سید بندگی بادشاہ قادری نے مناسک حج و عمرہ بیان کئے ۔ مولانا سید شاہ ابواللطیف لاابالی کرنول نے دعا کی ۔ تلنگانہ حج کیمپ کا 17 جون سے آغاز ہوا تھا اور 20 جون کو پہلا قافلہ روانہ ہوا۔ اس مرتبہ ویٹنگ لسٹ سے 65 عازمین کی روانگی عمل میں آئی ۔ تلنگانہ کے 2171 اور آندھراپردیش کے 910 عازمین روانہ ہوئے جن میں 1615 مرد اور 1466 خواتین شامل ہیں۔ صدرنشین حج کمیٹی محمد سلیم نے حج کیمپ کے کامیاب انعقاد اور عازمین کی بخیریت روانگی پر بارگاہِ خدا وندی میں سجدہ شکر ادا کیا۔ر