روضہ اطہرؐ پر حاضری کے بعد عبادتوں میں مصروف، محمد سلیم کا خادم الحجاج سے ربط
حیدرآباد۔/20 جولائی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ کے حجاج کرام کے 3 قافلے مکہ مکرمہ سے مدینہ منورہ پہنچ چکے ہیں۔ حج کی سعادت حاصل کرنے کے بعد تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے 3081 حجاج کرام مکہ مکرمہ میں قیام پذیر ہیں۔ 18 جولائی سے حجاج کے قافلوں کی مدینہ منورہ روانگی کا آغاز ہوا تاحال 3 قافلے مدینہ منورہ پہنچ چکے ہیں۔ ان تینوں قافلوں میں تلنگانہ کے حجاج کرام موجود ہیں۔ مدینہ منورہ میں روضہ اطہر پر حاضری کے بعد مسجد نبوی ؐ میں عبادات اور دعاؤں میں مصروف ہیں۔ حجاج کرام کیلئے مسجد نبوی ؐ کے قریب رہائش کا انتظام کیا گیا۔ صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی الحاج محمد سلیم نے حجاج کے ساتھ موجود خادم الحجاج سے ربط قائم کرتے ہوئے انتظامات کے بارے میں معلومات حاصل کی۔ انہوں نے حجاج کرام کی واپسی تک اُن کا خیال رکھنے کی ہدایت دی۔ حجاج نے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ محمد سلیم نے حجاج کرام سے اپیل کی کہ خصوصی دعاؤں میں تلنگانہ کی ترقی، امن و سلامتی اور مسلمانوں کی بھلائی کو شامل رکھیں۔ حجاج کرام کی وطن واپسی کا 28 جولائی سے آغاز ہوگا اور پہلا قافلہ 28 جولائی کی صبح شمس آباد انٹر نیشنل ایرپورٹ پہنچے گا۔ 6 اگسٹ کو آخری قافلہ کی واپسی ہوگی۔ ابتدائی 5 قافلے تلنگانہ کے حجاج پر مشتمل رہیں گے جبکہ چھٹا اور ساتواں قافلہ آندھرا پردیش کے حجاج کرام پر مشتمل رہے گا۔ آٹھویں قافلہ میں دونوں ریاستوں کے حجاج شامل رہیں گے۔ اس کے علاوہ ویٹنگ لسٹ کے 65 حجاج شیڈولڈ فلائیٹ سے وطن واپس ہوں گے۔ صدرنشین حج کمیٹی نے کہا کہ حیدرآباد انٹر نیشنل ایر پورٹ پر حجاج کرام کی واپسی کے موثر انتظامات کئے جارہے ہیں۔حجاج کرام کو سعودی ایر لائنس کی جانب سے 5 لیٹر زم زم کا کیان دیا جاتا ہے اور حیدرآباد پہنچنے کے بعد یہ کیان حوالے کئے جائیں گے۔حیدرآباد ایر پورٹ پر لگیج کی منتقلی کیلئے کنویر بیلٹ کی سہولت رہے گی۔ حجاج کیلئے وضو اور نماز کیلئے انتظام کیا جارہا ہے۔ سعودی ایر لائنس سے خواہش کی گئی ہے کہ وہ حجاج کیلئے مِنی اسناکس اور چائے کا انتظام کریں۔ر