سڑکوں کی تعمیر و مرمت کیلئے ہائبرڈ اینوئٹی ماڈل کا استعمال : وزیر عمارت و شوارع
نلگنڈہ ۔10 جون ۔ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ریاستی وزیر عمارات و شوارع اور سنیما ٹو گرافی کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے اعلان کیا ہے کہ ریاست بھر میں سڑکوں کی ترقی اور توسیع کے لیے ’’ہائبرڈ اینوئٹی ماڈل (HAM)‘‘ کے تحت 13 ہزار کروڑ روپئے مالیت کے عظیم الشان منصوبوں کا سنگِ بنیاد 17 جون کو ریاستی وزیراعلیٰ اے. ریونت ریڈی رکھیں گے۔انھوں نے بتایا کہ حکومت تلنگانہ ریاست کے روڈ نیٹ ورک کو ملک میں مثالی بنانے کے عزم کے ساتھ کام کر رہی ہے۔ اسی مقصد کے تحت 6,300 کلومیٹر طویل سڑکوں کو 34 پیاکیج میں دو رخی شاہراہوں میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔ اس منصوبہ کے لیے ٹنڈرنگ کا عمل مکمل ہوچکا ہے اور ورک آرڈرز بھی جاری کیے جا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے 2016 ء میں متعارف کرائے گئے ہائبرڈ اینوئٹی ماڈل کو تلنگانہ میں کامیابی کے ساتھ نافذ کیا جا رہا ہے جس کے نتیجہ میں ریاست کی بنیادی ڈھانچہ کو ترقی کی نئی رفتار ملے گی۔ اس کے علاوہ پنچایت راج محکمہ کے ذریعہ مزید 7 ہزار کروڑ روپئے کے ترقیاتی کام بھی انجام دیے جائیں گے۔مسٹر کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کے مطابق وزیراعلیٰ ریونت ریڈی 17 جون کو شام 4 بجے نلگنڈہ ضلع کے کنگل میں سڑک کے ترقیاتی منصوبوں کا سنگِ بنیاد رکھیں گے۔ اس موقع پر دَرویش پورم ایلمّا مندر میں خصوصی پوجا کے بعد مختلف پروگراموں کا آغاز ہوگا۔اس موقع پرریاستی وزیر نے یہ بھی اعلان کیا کہ نلگنڈہ میونسپل کارپوریشن کے عوام کو چوبیس گھنٹے دریائے کرشنا کا صاف پانی فراہم کرنے کے مقصد سے 125 کروڑ روپے کی لاگت سے ایک جدید واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ قائم کیا جائے گا۔ اس منصوبہ کی منظوری حکومت پہلے ہی دے چکی ہے اور وزیراعلیٰ اپنے دورے کے دوران ورچوئل طریقہ سے اس کا بھی سنگِ بنیاد رکھیں گے۔