تلنگانہ سے 8902 عازمین حج مدینہ منورہ پہونچ گئے

   

ریجنل پاسپورٹ آفیسر جے سنیہجا نے خصوصی بسوں کو جھنڈی دکھائی، صدرنشین حج کمیٹی خسرو پاشاہ نے کیمپ کی تفصیلات سے واقف کرایا
حیدرآباد 20 مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ حج کمیٹی سے عازمین حج کے قافلوں کی روانگی اختتامی مرحلہ میں داخل ہوچکی ہے۔ حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ سے تاحال 29 قافلوں کے ذریعہ 8902 عازمین حج کی سعودی ایرلائنس کی خصوصی پروازوں سے مدینہ منورہ روانگی عمل میں آئی۔ حیدرآباد سے تلنگانہ کے 6244 کے علاوہ آندھراپردیش 823، کرناٹک 930، مہاراشٹرا 591، آسام 4، بہار89، چھتیس گڑھ 59، دہلی 7، گوا 3، گجرات 9، جموں و کشمیر 1، جھارکھنڈ 7، مدھیہ پردیش 9، اڈیشہ 114 اور مغربی بنگال کے 1 عازم کی روانگی عمل میں آئی ہے۔ حج کمیٹی آف انڈیا نے عازمین حج کو امبارگیشن پوائنٹ کے انتخاب کا اختیار دیا تھا اور عازمین نے اپنی سہولت کے اعتبار سے امبارگیشن پوائنٹ منتخب کیا۔ حیدرآباد سے تاحال 4584 مرد اور 4305 خاتون عازمین حج کی روانگی عمل میں آئی ہے۔ حج ہاؤز نامپلی میں واقع حج کیمپ سے آج 2 قافلوں کی روانگی عمل میں آئی۔ ریجنل پاسپورٹ آفیسر جے سنیہا نے عازمین حج کی خصوصی بسوں کو جھنڈی دکھاکر روانہ کیا۔ اُنھوں نے صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی مولانا سید غلام افضل بیابانی خسرو پاشاہ اور ایکزیکٹیو آفیسر شیخ لیاقت حسین سے ملاقات کی اور حج کیمپ کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ صدرنشین حج کمیٹی نے ریجنل پاسپورٹ آفس کی جانب سے ایک ہزار سے زائد عازمین کی درخواستوں کی بروقت یکسوئی کرتے ہوئے پاسپورٹس کی اجرائی پر اظہار تشکر کیا۔ ایکزیکٹیو آفیسر لیاقت حسین اور اسسٹنٹ ایکزیکٹیو آفیسر عرفان شریف نے حج کیمپ اور ایرپورٹ پر مختلف محکمہ جات کی جانب سے فراہم کی جارہی خدمات کی تفصیلات بیان کیں۔ ریجنل پاسپورٹ آفیسر سنیہا نے تیقن دیا کہ وہ عازمین حج کے لئے پاسپورٹس کی اجرائی کی کسی بھی دشواری کو دور کریں گی۔ اُنھوں نے عازمین حج کو مبارکباد پیش کی اور ملک اور ریاست کی ترقی کے لئے دُعاؤں کی اپیل کی۔ ریجنل پاسپورٹ آفیسر نے حج کیمپ کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا۔ واضح رہے کہ 8 مئی سے عازمین حج کے قافلوں کی روانگی کا آغاز ہوا اور 25 مئی کو آخری 38 واں قافلہ مدینہ منورہ روانہ ہوگا۔ جاریہ سال تلنگانہ کے عازمین کو سعودی عرب کی سرزمین پر پہلے پہونچنے والے ہندوستانی عازمین کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔ اِس مرتبہ عازمین حج مکہ مکرمہ کے بجائے راست مدینہ منورہ روانہ ہوئے جہاں 7 دن قیام کے بعد مکہ مکرمہ روانہ ہوں گے۔ حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ سے جملہ 17 ریاستوں کے 11464 عازمین کی روانگی عمل میں آئے گی۔ 8 مئی سے روانہ ہونے والے 3 قافلے مدینہ منورہ میں 7 دن قیام کے بعد مکہ مکرمہ روانہ ہوگئے۔ عازمین حج کے لئے مدینہ منورہ میں مسجد نبوی کے صحن سے متصل ہوٹل میں قیام کا انتظام کیا گیا ہے جس پر عازمین نے مسرت کا اظہار کیا۔ فریضہ حج کی تکمیل کے بعد حجاج کرام کے قافلوں کی واپسی کا 23 جون سے آغاز ہوگا اور 24 جولائی کو آخری قافلہ جدہ سے وطن واپس ہوگا۔ 1