تلنگانہ :مخلوعہ راجیہ سبھا نشست کیلئے اعلامیہ جاری امیدوار کے نام پر چیف منسٹر کی قائدین سے مشاورت

   

حیدرآباد۔12۔ مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ میں راجیہ سبھا کی مخلوعہ نشست کے ضمنی چناؤ کے لئے الیکشن کمیشن نے اعلامیہ جاری کردیا ہے۔ ٹی آر ایس کے بنڈا پرکاش کے استعفیٰ کے باعث نشست خالی ہوئی ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق 19 مئی تک پرچہ جات نامزدگی داخل کئے جاسکتے ہیں۔ 20 مئی کو پرچہ جات کی جانچ ہوگی اور ایک سے زائد امیدواروں کے میدان میں ہونے پر 30 مئی کو صبح 9 تا سہ پہر 4 بجے رائے دہی ہوگی۔ شام 5 بجے ووٹوں کی گنتی اور نتیجہ کا اعلان کیا جائے گا۔ قانون ساز کونسل کے رکن منتخب ہونے کے بعد بنڈا پرکاش نے راجیہ سبھا کی نشست سے استعفیٰ دے دیا تھا ۔ اس نشست کی میعاد 2 اپریل 2024 ء کو ختم ہوگی ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے راجیہ سبھا کی واحد نشست کیلئے امیدوار کے نام پر پارٹی قائدین سے مشاورت کی ہے۔ توقع ہے کہ 19 مئی سے قبل امیدوار کے نام کا اعلان کردیا جائے گا۔ ضمنی چناؤ کی اس نشست کیلئے پارٹی میں کئی دعویدار بتائے جاتے ہیں۔ برسر اقتدار پارٹی کو اسمبلی میں واضح اکثریت کے سبب ٹی آر ایس امیدوار کا متفقہ طور پر انتخاب یقینی ہے۔ پرچہ نامزدگی کے ادخال کے آخری دن متفقہ انتخاب کا اعلان کردیا جائیگا۔ر