ثبوت کے طور پر اصل سرٹیفکٹس پیش کرنا لازمی، زیراکس کاپیاں قابل قبول نہیں ہوں گی ، بلا وجہ نہیں کٹے گا ووٹ
ووٹر نوٹس کے جواب کیلئے 3 آسان طریقے فعال، الیکشن کمیشن کے واضح ہدایات اور DEO دفاتر میں خصوصی سیل
حیدرآباد ۔ 25 ۔ اگست (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں ووٹر لسٹوں کی خصوصی جامع نظرثانی (SIR) مہم کے تحت نوٹس کی اجرائی اور انکوائری کا عمل آخری مرحلہ کو پہنچ گیا ہے ۔ الیکشن کمیشن کے عہدیداروں کی جانب سے نوٹس کی تیاری اور پرنٹنگ کی کارروائی کو تیزی سے مکمل کیا جارہا ہے ۔ الیکشن کمیشن کی ہدایات کے مطابق جن ووٹرس کو نوٹس جاری ہوئی ہے، ان کی باضابطہ انکوائری کا عمل 27 اگست سے شروع ہوکر 20 ستمبر تک مکمل کیا جائے گا ۔ ریاست کے چیف الیکٹورل آفیسر سدرشن ریڈی نے ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسرس (DEOs) اور الیکٹورل رجسٹریشن آفیسرس (EROs) کے ساتھ ایک اہم ویڈیو کانفرنس منعقد کرتے ہوئے اس مہم سے متعلق سخت اور شفاف رہنمایانہ خطوط جاری کئے ہیں تاکہ کسی بھی اہل ووٹر کا نام فہرست رائے دہندگان سے منسوخ نہ ہوپائے ۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے تمام بی ایل اوز اور بی ایل ایز کے علاوہ انتخابی عملے کو واضح اور پابند احکامات جاری کئے گئے ہیں۔ سماعت کی مقرہ تاریخ سے کم از کم 48 گھنٹے قبل بی ایل اوز پرنٹ شدہ نوٹس ووٹرس کے حوالے کریں اور فوری طور پر موبائیل ایپ میں اس کا اندراج کریں ۔ ووٹرس اپنے سرٹیفکٹ اور ثبوت تین طریقوں سے جمع کرواسکتے ہیں ۔ آن لائین پورٹل بی ایل او ایپ اور ERO/AERO کے سامنے سماعت کے دوران براہ راست (in person) ۔الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ ووٹرس صرف اصل دستاویزات ہی آن لائین میں اپ لوڈ کریں ۔ زیراکس کاپیاں قبول نہیں کی جائیں گی ۔ نام یا عمر میں معمولی غلطیوں کو چھوڑ کر دیگرغیر میاپنگ شدہ (Unmapped) اور بے ترتیب سرٹیفکٹس کی تصدیق ڈی ای اوز کے ذریعہ متعلقہ سرکاری محکموں سے کروائی جائے گی ۔ انکوائری کے عمل کو عوام دوست اور شفاف بنانے کے لئے الیکشن کمیشن کے عہدیداروں نے خصوصی اقدامات کی ہدایت دی ہے ۔ ووٹرس کی سماعت اور انکوائری مقامی گرام پنچایت عمارت یا وارڈ آفس کے اندر ہی منعقد کی جائے گی ۔ سماعت کے مقام اور تاریخ کی اطلاع عام ووٹرس تک پہنچانے کیلئے دیہی اور شہری علاقوں میں منادی (ڈھنڈورا) کا سہارا لیا جا ئے گا ۔ ریاست بھر میں 27 اگست کو گرام اور وارڈ اجلاس منعقد کئے جائیں گے ۔ جہاں مسودہ ووٹر لسٹ کے نام اور ASDD (لاپتہ ، منتقل شدہ ، متوفی ، ڈپلیکیٹ ) زمروں کے تحت حذف کئے گئے ناموں کو بلند آواز میں پڑھ کر سنایا جائے گا ۔ ووٹرس کو کسی بھی قسم کی ہراسانی سے بچانے اور شفافیت برقرار رکھنے کیلئے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں ، جس میں نوٹس یا سماعت سے متعلق شکایات کی صورت میں ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر کے دفاتر میں خصوصی اپیل سیل فعال کئے گئے ہیں۔ اگر ERO ووٹر کی فراہم کردہ سرٹیفکٹس سے مطمئن نہ ہو تو اس کا فیصلہ فوری طور پر ووٹر کو فارم۔7 کے ذریعہ مطلع کیا جائے گا ۔ ووٹ منسوخ کرنے کا سخت (Speaking order) صرف اسی صورت میں جاری کیا جا ئے گاجب ERO کو مکمل طور پر اطمینان نہ ہو ۔ الیکشن حکام تصدیق کریں گے کہ ووٹر سماعت میں براہ راست شریک ہوا ہے یا نہیں ۔ اگر ووٹر مزید وضاحت اور سرٹیفکٹ لانے کیلئے وقت طلب کرے تو اسے فائنل ووٹر لسٹ کی اشاعت سے قبل آخری مہلت دی جائے گی۔2/k